سینٹ انتخابات میں ناکامی پی ڈی ایم کا مقدر بن چکی: شبلی فراز

اسلام آباد ( وقائع  نگار خصوصی +نوائے وقت رپورٹ +اے پی پی) وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ تحریک انصاف حکومت کا موقف واضح ہے کہ سینٹ انتخابات شفاف ہوں، اپوزیشن جماعتوں کے قائدین سارے سیاسی کیریئر میں دو نمبری کرتے آئے ہیں۔ اسلئے وہ نہیں چاہتے کہ انتخابات شفاف ہوں۔ اپوزیشن کا ایمان پیسہ ہے اور یہ لوگ اس بار بھی سینٹ انتخابات میں دو نمبری کرنا چاہتے ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں نے سینٹ انتخابات میں جیت کی رٹ لگا رکھی ہے لیکن یہ لوگ غلط فہمی کا شکار ہیں۔3 مارچ کو سینٹ انتخابات کے نتائج ثابت کریں گے کہ ناکامی ان کا مقدر بن چکی ہے۔ وزیراعظم عمران خان ملک کی بہتری اور عوام کی خدمت کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں۔ حکومت عوام کے ساتھ کئے گئے تمام وعدے پورا کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ حکومت کہیں نہیں جا رہی۔ اپوزیشن جماعتیں مزید ڈھائی سال تک صبر کریں۔ اتوار کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں سینٹ انتخابات میں نقب لگانے کیلئے پوری کوششیں کر رہی ہیں لیکن یہ لوگ اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ حکمران جماعت اور اتحادی جماعتوں کے ارکان سینٹ انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدوار کو ووٹ دیں گے۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) نے مذہبی جماعت کا لبادہ اوڑھا ہوا ہے۔ اس کا بھی ملک کو تباہ کرنے میں برابر حصہ رہا ہے۔وفاقی وزیر  اطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ اوپن بیلٹ کے مخالف ملک میں کرپٹ نظام کا تسلسل  چاہتے ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹویٹ میں کہنا تھا کہ تحریک انصاف وہ جماعت ہے جس نے نظام میں شفافیت اور ملک میں کرپشن کے خاتمے کو ایک تحریک کی شکل دی۔ عمران خان اس مقصد کے حصول کی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ شبلی فراز نے کہا کہ اوپن بیلٹ کے مخالف ملک میں کرپٹ نظام کا تسلسل چاہتے ہیں۔ پوری قوم نے جان لیا کہ انتخابی نظام میں شفافیت کے اہم معاملے پر کون تاریخ کے کس رخ پر کھڑا ہے۔ اپوزیشن دھاندلی زدہ نظام کی حامی اور شفافیت کی راہ میں دیوار بنی جبکہ عمران خان انتخابی عمل میں شفافیت کیلئے غیر متزلزل عزم کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن