اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان ثقافتی لحاظ سے متنوع ملک ہے جو ہندوئوں، عیسائیوں سمیت مختلف مذہبی اقلیتوں کا گھر ہے جہاں یہ تمام لوگ پرامن طریقہ سے رہ رہے ہیں اور پاکستان کی ترقی میں اپنا کردا ر ادا کر رہے ہیں جبکہ بھارت میں اقلیتوں کو بدترین مذہبی امتیاز اور عدم برداشت کا سامنا ہے جو قابل افسوس ہے۔ ہماری حکومت نے اسلام کے حقیقی پیغام کو فروغ دینے کیلئے رحمت للعالمینؐ اتھارٹی قائم کی ہے۔ پیر کو وزیراعظم میڈیا آفس سے موصول ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کینٹربری کے آرچ بشپ سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے اس موقع پر بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی برداشت اور مختلف مذاہب کے لوگوں کے درمیان تعلق کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان کے آئین میں درج اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ آرچ بشپ نے اس موقع پر کہا کہ مذہبی رواداری اور پرامن بقائے باہمی وقت کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے، آئی ٹی کے شعبہ میں نوجوانوں کو روزگار کے وسیع مواقع فراہم کئے جا سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو سپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی کے بورڈ آف گورنرز کے چوتھے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بڑے شہروں میں آئی ٹی سے وابستہ افراد کی سہولت کیلئے خصوصی زون بن رہے ہیں، اس مقصد کیلئے حکومت نے این او سی کے حصول کی بجائے تعمیلی نظام متعارف کرایا ہے۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ٹیکنالوجی دوست ماحولیاتی نظام قائم کرنے کیلئے تمام ممکن اقدامات کئے جائیں جن میں رجسٹرڈ ٹیک سٹارٹ اپس اور فری لانسرز کیلئے ٹیکس میں چھوٹ، پاکستان ٹیکنالوجی سٹارٹ اپ فنڈ کا قیام اور ملکی و غیر ملکی جوائنٹ وینچرز فنڈنگ سمیت اقدامات شامل ہیں۔
روس چین دورہ کے اچھے نتائج نکلیں گے،آزاد خارجہ پالیسی خواہش
Mar 01, 2022