لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے جنرل سیکرٹری پی ایف یو جے رانا محمد عظیم اور صدر لاہور پریس کلب اعظم چودھری کی قیادت میں صحافیوں کے وفد نے پنجاب اسمبلی میں ملاقات کی۔ وفد نے صحافی کالونی لاہور میں قبضہ مافیا کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے پی ایف یو جے اور لاہور پریس کلب کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے آزادی اظہار رائے کی جدوجہد کیلئے صحافی برادری کے کردار کو سراہا اور یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ اسمبلی سے بل پاس کروا کر صحافی کالونی سے قبضہ مافیا کا مکمل صفایا کریں گے اور پریس کلب کی گرانٹ بھی بحال کروائیں گے، صحافیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے اور قبضہ مافیا کے خلاف موثر کارروائی عمل میںلائی جائے گی۔ آزادی اظہار رائے ہر شہری کا بنیادی حق ہے جس کیلئے صحافی برادری نے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ آزادی اظہار رائے پر قدغن لگانے والوں کے خلاف ہمیشہ صحافیوں کے شانہ بشانہ رہا ہوں، انشاء اللہ آئندہ بھی آزادی صحافت کے تحفظ کیلئے مجھے صف اول میں کھڑا پائیں گے۔ وفد میں سینئر صحافی شہباز میاں، نعیم مصطفی، شیراز حسنات، ناصرہ عتیق، اشرف مجید نائب صدر پی ایف یو جے، مروہ انصر چودھری نائب صدر، صائمہ چودھری نائب صدر، محمد فاروق جوہری، رانا مظہر، میاں ندیم ممبر ایف ای سی، نبیل کھوکھر ممبر ایف ای سی شامل تھے جبکہ ملاقات میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور ڈی جی پارلیمانی امور پنجاب اسمبلی عنایت اللہ لک بھی موجود تھے۔