الیکشن کیلئے تیار،سندھ سے نکلتے ہی ہی بنی گالہ کی چیخ پکار شروع ہو گئی:بلاول

Mar 01, 2022


ٹنڈو محمد خان +حیدر آباد(نیٹ نیوز+نامہ نگاران) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ وقت آ گیا ہے سلیکٹڈ کو بھگانا اور پاکستان کو بچانا ہے‘ پیپلز پارٹی نے ہر دور کے آمر کا ڈٹ کر مقابلہ کیا‘ عوام کو حقوق دلوانے کیلئے نکلے ہیں‘ جیالوں کی جدوجہد ضرور کامیاب ہو گی۔ ٹنڈو محمد خان میں لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے  کہا کہ وزیراعظم کہتے ہیں گھبرانا نہیں‘ مہنگائی‘ بے روزگاری‘ غربت بڑھ گئی‘ تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا تو وزیراعظم نے گھبرانا شروع کر دیا۔ وزراء سندھ بھیج دیئے‘ سیاسی یتیم پوچھتے ہیں کہ پیپلز پارٹی نے کیا کیا۔ عوام کی طاقت سے حکمرانوں کو بھگائیں گے۔ علاوہ ازیں لانگ مارچ ٹنڈو آدم سے ہوتا ہوا حیدر آباد پہنچ گیا جہاں فتح چوک پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ آصفہ بھٹو زرداری بھی ان کے ساتھ ہیں۔ حیدرآباد پٹھان کالونی چوک پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ ہم نئے الیکشن کے لئے تیار ہیں، ابھی تو سندھ سے نکلے ہی ہیں کہ بنی گالا سے چیخ و پکار شروع ہوگئی۔ وزیراعظم میں ہمت ہے تو اسمبلی توڑنے‘ اپنے استعفے کا اعلان کریں ورنہ جیالے آ رہے ہیں استعفی لینے کے لیے۔ بلاول بھٹو نے پیکا آرڈیننس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کٹھ پتلی خود پر تنقید برداشت نہیں کرسکتا، جو وزیراعظم کو گالی دے گا وہ جیل جائے گا، عمران خان نے چینی چوری کی، آٹا چوری کیا سب کچھ چھینا ہے عوام سے اور اب سلیکٹڈ جو آرڈیننس لایا ہے اس کے تحت جو سوشل میڈیا پر حکومت کو گالی دے گا وہ جیل جائے گا۔ جیالے اترے ہیں اس سلیکٹڈ سے حساب لینے۔ حکومت نے صرف نہ سندھ بلکہ چاروں صوبوں کے ساتھ زیادتی کی، عمران خان نے آئینی ترمیم پر ڈاکا مارا، پانی پر ڈاکہ مارا۔ بلوچستان، خیبر پی کے  کے ساتھ ناانصافی کی، سندھ کے وسائل، فنڈ اور پانی پر تبدیلی سرکار نے ڈاکہ مارا ہے، جب سے یہ پی ٹی آئی بجٹ آیا ہے تب سے پیپلز پارٹی احتجاج کر رہی ہے۔ ہم نے سٹوڈنٹس یونین کو بحال کرایا۔ واحد سندھ حکومت نے آمدن 25 ہزار کی۔ نالائق حکومت مہنگائی بڑھانے کے سوا کچھ نہیں کررہی، ہمارا مارچ سلیکٹڈ حکومت کے خلاف ہے، ایک ہی جماعت ہے جو مزدوروں کے ساتھ کھڑی ہے وہ پیپلز پارٹی ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ سلیکٹڈ کو گھر بھیجا جائے۔حیدرآباد‘ ٹنڈو محمد خان سے نامہ نگاران  کے مطابق بلاول  نے کہا کہ ابھی تو عوامی ماچ کا دوسرا دن شروع ہوا ہے اور بنی گالہ سے چیخیں آنا شروع ہو گئی ہیں۔ ایک دن میں اتنی تکلیف ہو رہی ہے تو 8 مارچ کو ہم اسلام آباد پہنچیں گے پھر کیا ہو گا۔ پھر تو تمہیں ضرور جانا پڑے گا۔ انہوں نے حیدرآباد کے عوام سے مخاطب ہو کر کہا کہ عوام ہمارے ساتھ چلیں ہمارا سفر لمبا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ارکان پارلیمنٹ سے کہتے ہیں کہ عوام کا اعتماد اٹھ چکا ہے۔ اب پارلیمنٹ کا اعتماد بھی اٹھ جانا چاہئے۔

مزیدخبریں