کراچی ( کامرس رپورٹر) خوشحالی مائیکرو فنانس بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر غالب نشتر نے چودھویں بین الاقوامی سمٹ 2022ء میں سی ایس اارایوارڈ جیتنے پر کہاہے کہ ’’یہ ایوارڈ حاصل کرنا ہمارے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ جبکہ یہ ایوارڈ پسماندہ طبقات تک پہنچنے میں ہماری وسائل سے بھرپور کوششوں کا اعتراف ہے۔ ہم پاکستان میں مزید پائیداری کے ساتھ سماجی و اقتصادی ترقی کو تیز کرنے کے وژن پر عمل پیرا ہیں۔‘‘خوشحالی مائیکرو فنانس بینک کی انسانی ترقی میں قابل ذکر سرمایہ کاری میں غریب علاقوں کے سکولوں میں فرنیچر، واٹر فلٹریشن پلانٹ اورٹھنڈے پانی کی سہولیات جیسے عطیات شامل ہیں۔خوشحالی بینک کے تحت مستحق طلباء کے لیے مفت ہنر مندی کی تربیت،سکول بیگ، سٹیشنری اور بنیادی انفرسٹرکچر فراہم کیا جاتا ہے۔ خواتین میں غربت کے خاتمے کے لیے انٹرپرینیورشپ ٹریننگ اورسلائی کڑھائی کے کورسز کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ معذور افراد کی معاونت اوران کے ساتھ امتیازی سلوک کے بارے میں شعوربیدار ی کی مہم چلائی جاتی ہے جبکہ معذور افراد کو وہیل چیئرز بھی فراہم کی جاتی ہیں۔قبل ازیں بتایا گیا کہ بنک نے اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے،’’خوشحالی سب کے لیے‘‘ کے عنوان سے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کا ایک مثالی پروگرام شروع کیا ہے۔ جس میںمعیار زندگی کو بلند کرنا، صحت عامہ، تعلیم، مالی شمولیت، خواتین کو بااختیار بنانا، معذور افراد کی بحالی اور ماحولیاتی پائیداری جیسے اقدامات پر توجہ مرکوزکی گئی ہے۔