اسلام آباد(وقائع نگار)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ہائوسنگ اینڈ ورکس نے وزارت کے آئندہ مالی سال2022-23کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی )کی بجٹ تجاویز کی منظوری دیدی۔پیر کوچیئرمین نجیب ہارون کی زیر صدارت کمیٹی کا اجلاس ہوا،جس میں کمیٹی ارکان کے علاوہ وفاقی وزیر ہائوسنگ اینڈ ورکس طارق بشیر چیمہ ،وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس و دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں آئندہ مالی سال2022-23کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی )کی بجٹ تجاویز پر غور کیا گیا ۔وزارت ہائوسنگ کے حکام نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ وزارت ہائوسنگ کے 60منصوبے اس وقت جاری ہیں،ہمیں فنڈز کی ضرورت ہے۔چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ جو منصوبے 50 فیصد مکمل ہیں ان کیلئے فنڈز فراہم کئے جائیں ۔ وزیر ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ حکومتوں کی تبدیلی سے کچھ منصوبوں پر کام رک جاتا ہے،تمام منصوبوں پہ سرکار کا پیسہ لگتا ہے کام نہیں رکنا چاہیے ۔وزارت ہائوسنگ کے حکام نے آئندہ مالی سال2022-23کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی ) پرکمیٹی کو بتایا کہ وزارت ہاوسنگ نے آئندہ مالی سال کیلئے مختلف منصوبوں کیلئے ایک کھرب 48 ارب سے زائد فنڈ ز مانگے ہیں،جن میں60 جاری اور 345 نئے منصوبے شامل ہیں،2021 میں منصوبوں پر 24 ارب سے زائد پی ایس ڈی پی خرچ کیا گیا ،2022 میں 36 ارب سے زائد کا فنڈ خرچ ہوا ۔2021-22میں مجموعی طور پر 19 فیصد ترقیاتی فنڈ استعمال ہوا،تین ارب 13 کروڑ سے زائد کے تعطل کا شکار منصوبے اوربیس ارب مالیت سے زائد کے جاری منصوبے شامل ہیں،جاری منصوبوں پر 2021?22 میں 61 فیصد ترقیاتی بجٹ خرچ ہوا ،35 تعطل کا شکار منصوبوں پر بھی 54 فیصد فنڈز اجرا کیا گیا ۔تفصیلی بریفنگ اور غور کے بعد قائمہ کمیٹی نے آئندہ مالی سال کیلئے پی ایس ڈی پی کی تجاویز منظور کر لیں۔