لاہور(کامرس رپورٹر )وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نور الحق قادری نے کہاہے کہ پہلی بار تمام مسالک کے اتفاق رائے سے قرآن پاک کا متفقہ اردو ترجمہ تیار کیا گیا ہے۔ حکومت قرآنی تعلیمات کے فرو غ کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے۔ مڈل کلاس تک قرآن پاک پڑھنا جبکہ میٹرک تک ترجمہ اور حفظ لازمی قرار دئیے گئے ہیں۔جبکہ غلطیوں سے پاک قرآن پاک کی اشاعت یقینی بنانے کے لیے بل سینٹ میں پیش کردیا گیا ہے۔اور قرآن پاک کی اشاعت میں غلطی پر جرمانہ اور سزا دی جائے گی۔ وہ گزشتہ روز لاہور چیمبرکے سوسالہ سپرنگ فیسٹیول کی افتتاحی حسن قرات کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ مقدس کاغذات کی ری سائیکلنگ کیلئے ایک یونٹ بھی قائم کیا جا رہا ہے۔ جبکہ قرآن پاک کی تجوید اور قرات سکھانے کیلئے ادارے کے قیام کیلئے الازہر یونیورسٹی کیساتھ ایم او یو پر دستخط کیے گئے ہیں۔علاوہ ازیں رمضان المبارک کے بعد بین الاقوامی قرات مقابلہ منعقد کیا جائے گا۔تقریب کے اختتام پر لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر نے سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن اور نائب صدر حارث عتیق کے ہمراہ ایوارڈز تقسیم کیے جبکہ ونرز میں نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔
قرآنی تعلیمات : ٹھوس اقدامات اٹھارہے ہیں : نور الحق قادری
Mar 01, 2022