پٹرول 5 مٹی کا تیل 15 روپے لٹر سستا ، ایل پی جی 12 روپے کلو مہنگی 

Mar 01, 2023


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) حکومت نے تین قسم کی پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں پانچ روپے سے 15روپے فی لٹر تک کمی کا اعلان کردیا۔ ڈیزل کی قیمت میں کوئی رد و بدل نہیں کیا گیا۔ پٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لٹر کمی کا اعلان کیا گیا۔ وزیر خزانہ  اسحاق  ڈار نے یکم مارچ سے نافذ کی جانے والی قیمتوں کا علان کرتے ہوئے بتایا کہ  پٹرول کی قیمت 5 روپے فی لٹر کمی سے نئی قیمت  267 روپے  فی لیٹر ہو گی۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں 15 روپے کمی کی گئی ہے جس کے بعد اس کے نرخ 187.73 روپے فی لیٹر  مقرر  کی گئی۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت 184 روپے 68 پیسے  فی لیٹر ہو گی۔  ڈیزل کی قیمت 280 روپے فی لیٹر پر   پر برقرار ہے۔ اسلا م آباد سے نامہ نگار کے مطابق آئل گیس اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ اوگرا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ایل پی جی گیس کی قیمت میں 12 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے، جس کے تحت گھریلو سلنڈر 136 اور کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 525 روپے اضافہ کردیا گیا۔ اوگرا کے مطابق سرکاری پیداواری قیمت میں 9799  روپے فی میٹرک ٹن اضافہ کردیا گیا ہے۔ جبکہ ایل پی جی کی قیمت اضافے کے ساتھ 266روپے فی کلو سے بڑھا کر 278روپے فی کلو کردی گئی ہے۔ حالیہ اضافے کے بعد کمرشل سلنڈر 12086 روپے کی جگہ12611روپے، گھریلو سلنڈر3141روپے کی جگہ 3278 روپے میں فل ہوگا۔ علاوہ ازیں ایل پی جی پیداواری قیمت185933 کی جگہ 195733 روپے کے حساب سے ملک بھر میں دستیاب ہوگی۔

مزیدخبریں