پاکستان کیلئے ڈیفالٹ کا خطرہ بڑھا ، موڈیز نے ریٹنگ مزید کم کردی 

Mar 01, 2023


کراچی +اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) موڈیز نے پاکستان کی معاشی ریٹنگ کم کر کے سی اے اے ون سے سی اے اے تھری کر دی ہے۔ موڈیز کی جانب سے عالمی ادائیگیوں کے چیلنجز اور ڈیفالٹ رسک کو دیکھتے ہوئے پاکستان کی ریٹنگ کم کی گئی۔ موڈیز کے مطابق پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائر انتہائی کم ترین سطح پر آ گئے ہیں۔ واضح رہے موڈیز نے اکتوبر 2022ء میں پاکستان کی خود مختار کریڈٹ ریٹنگ کو بی 3 سے کم کر کے سی اے اے 1 کر دیا تھا۔ اس حوالے سے موقف اپنایا گیا تھا کہ لیکویڈٹی، بیرونی خدشات اور قرض کے باعث ریٹنگ کم کی گئی ہے۔ موڈیز نے مزید کہا تھا کہ پاکستان کے آؤٹ لک میں تبدیلی نہیں کی گئی اور وہ منفی پر ہی موجود ہے۔ اس سے قبل جون میں ہی عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کا آؤٹ لک جاری کرتے ہوئے ریٹنگ مستحکم سے منفی کی تھی۔ موڈیز کا کہنا ہے کہ آؤٹ لک مستحکم ہے کیونکہ فنڈنگ تک رسائی دستیاب ہونے کا امکان ہے۔ بین الاقوامی کریڈٹ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کی مقامی و غیر ملکی کرنسی ایشور اور سینئر غیر محفوظ ڈیبٹ ریٹنگ سی ڈبل اے ون سے کم کر کے سی ڈبل اے تھری کر دی ہے۔ موڈیز کا کہنا ہے کہ پاکستان کو فنڈز تک رسائی کے امکانات ہیں اس لئے آؤٹ لک مستحکم ہے۔

مزیدخبریں