لاہور (نوائے وقت رپورٹ) چودھری پرویز الٰہی سے امریکہ کے منتخب نمائندگان اور پاکستانی نژاد امریکی رہنماؤں نے ملاقات کی۔ بارہ رکنی وفد کی سربراہی پاکستانی نژاد امریکی ڈیموکریٹ رہنما ڈاکٹر آصف محمود ممبر لیڈ اسمبلی نے کی جبکہ وفد میں کیلیفورنیا قانون ساز اسمبلی کی کمیٹی کے سربراہ کریس آر ہولڈن اور دیگر شامل تھے۔ ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات ملکی سیاسی صورتحال پر بات چیت جبکہ وفد نے پنجاب اور کیلی فورنیا کو سسٹر اسٹیٹس قرار دینے کے معاملے پر چودھری پرویز الٰہی کی تعریف کی اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ وفد نے چودھری پرویز الٰہی کو بتایا کہ امریکہ کی مختلف کمپنیاں پنجاب میں زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ پرویز الٰہی نے پاک امریکہ بہترین تعلقات کیلئے نمایاں کردار ادا کرنے پر اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی اور معاشی صورتحال فوری طور پر عام انتخابات کا تقاضا کرتی ہے۔ پوری پی ڈی ایم انتخابات سے خوفزدہ ہے۔ نااہل حکمران ٹولے کی ایک ہی خواہش ہے کہ کسی طرح انتخابات نہ ہوں۔ آئین شکنی کی طرف بڑھنے والے حکمران اب عدلیہ پر حملہ آور ہیں۔ عمران خان قوم کا ہیرو ہے، حکومت میں بیٹھا مافیا عمران خان کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔ ہر ضمنی انتخاب کا نتیجہ پی ڈی ایم کو اس کی سیاسی حیثیت بتا رہا ہے۔