لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اکبر چوک انڈر پاس و فلائی اوورکی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ محسن نقوی نے افتتاحی تختی کی نقاب کشائی کے بعد دعا کی۔ منصوبے پر 3ارب 10کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ وزیراعلیٰ نے پراجیکٹ کو 90 دن کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اکبر چوک فلائی اوور 2لینز اور 700میٹر طویل ہوگا جبکہ انڈر پاس 2لینز اور 540میٹر طویل ہوگا۔ منصوبے سے فیصل ٹاؤن، جوہر ٹاؤن،کوٹ لکھپت اور دیگر ملحقہ آبادیاں مستفید ہوں گی۔ محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پی سی بی سے معاہدہ ہو گیا، پی سی بی لائٹس خریدے گا۔ لائٹس کرائے پر نہیں لیں گے جس سے آئندہ لائٹس کی مد میں کروڑوں کے اخراجات کی بچت ہوگی۔ صرف لائٹس کے کرائے کی مد میں گزشتہ سال 60 کروڑ روپے خرچ کئے گئے جبکہ رواں سال بھی لائٹس کے کرائے کا خرچ 50 کروڑ روپے تھا۔ محسن نقوی نے کہا کہ جب بھی حکم ملے گا، الیکشن کرا دیں گے۔ میں نے کوئی انتقامی کارروائی نہیں کی۔ ہمارا خیال تھا گرفتاریاں دینے والے بہت زیادہ ہوں گے۔ بہت زیادہ گرفتاریوں کے پیش نظر کچھ لوگوں کو دیگر شہروں کی جیلوں میں بھیجا گیا۔ لاہورکا رہنے والا ہوں، لاہور کا کوئی پراجیکٹ نہیں رکنے دیں گے۔ اکبر چوک اوور ہیڈ برج اور انڈر پاس پراجیکٹ کا ڈیزائن پچھلی حکومت کا ہے، تبدیلی نہیں کی صرف شروع کیا ہے اور جلد مکمل کرنے کی کوشش کریں گے۔ ہارس اینڈ کیٹل شو پر خرچ بہت زیادہ تھا اور سپانسر نہیں تھے۔ 90 کروڑ روپے کی خطیر رقم ہارس اینڈ کیٹل شو پر خرچ کرنا مناسب نہیں۔ سپانسرز کے ساتھ جشن بہاراں کی تقریبات ہو رہی ہیں اور اس جشن بہاراں کی تقریبات پر حکومت کے کوئی اخراجات نہیں ہو رہے۔ جو پراجیکٹ کم وقت میں مکمل ہو سکتے ہیں، مکمل کرائیں گے۔ ٹریفک کا ایشو تجاوزات کی وجہ سے ہو رہا ہے، کمشنر لاہور اس پر کام کر رہے ہیں۔ پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں میں سہولیات کی فراہمی پر عملدرآمد کرانا ایل ڈی اے کی ذمہ داری ہے۔ علاوہ ازیں محسن نقوی سے کیلیفورنیا قانون ساز اسمبلی کی کمیٹی کے سربراہ کریس آر ہولڈن کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ جس میں پنجاب اور امریکی ریاست کیلیفورنیا کو سسٹر سٹیٹ قرار دینے کے معاہدے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ پنجاب اور کیلیفورنیا کے درمیان زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، سیاحت اور پولیسنگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ محسن نقوی نے پنجاب اور کیلیفورنیا کا سسٹر صوبے کا معاہدہ خوش آئند ہے۔ معاہدے کے تحت پنجاب اور کیلیفورنیا کے درمیان تعاون کے لئے تیزی سے عملی اقدامات کریں گے۔ پنجاب حکومت معاہدے کے تحت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے علیحدہ فوکل پرسن اور سیل قائم کرے گی۔
جب حکم ملے گا الیکشن کرادینگے ، خیال تھا گرفتاریاں دینے والے بہت زیادہ ہونگے : محسن نقوی
Mar 01, 2023