اسلام آباد(نا مہ نگار)وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)کے تحت شنگھائی تھرکول منصوبے سے بجلی کی پیداوارباقاعدہ شروع ہوگئی ہے جس سے نیشنل گرڈ سسٹم میں مزید 1320 میگاواٹ کا اضافہ ہو گا اور اس منصوبہ سے مقامی تھر کول سے بجلی کی مجموعی پیداوار 2640 میگاواٹ ہو گئی۔وزیر اعظم محمدشہباز شریف کی قیادت میں پی ڈی ایم حکومت مختلف ترقیاتی کاموں کے ساتھ ساتھ بجلی کے منصوبوں پر بھی تیزی سے کام کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی ماضی کی حکومت کی مجرمانہ غفلت کے باعث غیر معمولی تاخیر کا شکار ہونے والا منصوبہ بالآخر نہ صرف مختصر وقت میں مکمل ہو گیا بلکہ سسٹم کو بجلی کی فراہمی بھی شروع ہو گئی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خرم دستگیر نے کہا توانائی کی پیداوار میں مقامی ایندھن کے استعمال میں پیشرفت ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ تھل نووا کا 330 میگاواٹ کا منصوبہ پہلے ہی اس ماہ کے وسط میں ہم آہنگ ہو چکا ہے۔مہنگے فرنس آئل کے بجائے مقامی کئلے سے سستی بجلی کی پیداوار ترجیح ہوگی ۔انہوں نے اس سنگ میل کو حاصل کرنے کے لیے مکمل تعاون کرنے پر وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور سندھ کے وزیر توانائی امتیاز شیخ سمیت پوری قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
خرم دستگیر