لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر، پارلیمنٹ اور الیکشن کمشن انتخابات سے متعلق ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام ہوگئے تو عدالت عظمیٰ نے ازخود نوٹس لیا۔ جماعت اسلامی کا موقف ہے کہ کوئی ایک سیاسی پارٹی یا ادارہ ملک کو درپیش مسائل حل نہیں کرسکتا، عوام کی طرف رجوع کرنا ہوگا، ملک میں بیک وقت قومی و صوبائی اسمبلیوں کے شفاف انتخابات ہونے چاہییں تاکہ قوم آئندہ پانچ برسوں کے لیے اپنے نمائندے منتخب کرلے، سپریم کورٹ تمام سٹیک ہولڈرز کوجزوی کی بجائے عام قومی انتخابات کے لیے راضی کرلے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے چارسدہ میں نصیر خان کے حجرہ میں عوامی اجتماع اور بعدازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ حکمران جماعتوں نے عدالتوں کو یرغمال بنایا ہے اور مرضی کے فیصلے چاہتی ہیں، مگر اب عوام خاندانوں اور افراد کی بادشاہت کی بجائے قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں۔ پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کی لڑائی مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی کے خاتمہ کے لیے نہیں، امریکا کو وفاداری ثابت کرنے اور اقتدار کے لیے ہے۔ انہوں نے ملک کا تماشا بنا دیا۔ انہوں نے ملک پر استعمار اور آئی ایم ایف کا ایجنڈا نافذ کیا۔ سندھ کی حکومت سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ وہ کس بناء پر بڑھکیں مار رہی ہے۔ صوبے کی ترقی اور امن و امان کیلئے ان کی کارکردگی زیرو ہے۔ امیر جماعت نے کہا کہ ملک کے مسائل کا حل اسلامی نظام ہے۔
سراج الحق