پی ٹی آئی کی کراچی میں 16 مارچ کو ضمنی الیکشن روکنے کی درخواست مسترد

Mar 01, 2023


کراچی(این این آئی)سندھ ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی 16 مارچ کو ہونے والے ضمنی الیکشن روکنے کی درخواست مسترد کردی ہے۔سندھ ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کراچی کے مستعفی ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کے خلاف سماعت ہوئی۔درخواستیں دائرکرنے والوں میں ایم این اے علی زیدی، آفتاب جہانگیر، فہیم خان، عطااللہ ایڈووکیٹ، سیف الرحمان محسود، آفتاب صدیقی، اسلم خان، نجیب ہارون اور عالمگیرخان شامل ہیں۔پی ٹی آئی کے وکیل شہاب امام ایڈووکیٹ نے  موقف اپنایاکہ اسپیکرقومی اسمبلی نے استعفوں کی منظوری کا پروسیس قانون کے مطابق پورا نہیں کیا، استعفی دینے والے ارکان سے ان کے استعفوں کی تصدیق نہیں کی گئی، الیکشن کمیشن نے بھی لاہورہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ایم این ایز کو ڈی نوٹیفائی کردیا۔عدالت سے استدعا کی گئی کہ لاہورہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں کراچی سے پی ٹی آئی کے ایم این ایز کے استعفوں کی منظوری کے الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کوغیرقانونی اور کالعدم قرار دیا جائے۔وکیل شہاب امام نے کہا کہ یہ معاملہ سپریم کورٹ میں بھی ہے، لاہور ہائی کورٹ بھی ایسی ہی درخواست پر حکم امتناع جاری کر چکی ہے، اسپیکر کے پاس استعفی منظور کرنے کا اختیار نہیں تھا۔سندھ ہائیکورٹ نے کراچی میں 16 مارچ کو ہونیوالے ضمنی الیکشن روکنے کی درخواست مسترد کردی۔عدالت نے درخواست کی مزید سماعت 21 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے الیکشن کمیشن، اسپیکر و دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
تحریک انصاف درخواست مسترد

مزیدخبریں