لاہور(نامہ نگار)سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کیلئے لاہور پولیس تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔پولیس کارکردگی میں بہتری کیلئے مربوط سٹریٹیجک اور آپریشنل اقدامات کر رہے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق لاہور پولیس نے ماہ فروری کے دوران جرائم پیشہ و قانون شکن عناصر کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر میں 10275 جرائم پیشہ و قانون شکن عناصر گرفتار کرکے متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کئے۔پولیس نے 181 ڈکیت گینگز کے 441 کارندوں کو گرفتار کرکے ملزمان سے 11 کروڑ 30 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا لوٹا ہوا مال بھی برآمد کیا گیا۔ملزمان سے 4 کاریں،467موٹر سائیکلز،12دیگر گاڑیاں،ایک لیپ ٹاپ اور 366 موبائل فونز برآمد کئے گئے۔ناجائز اسلحہ کے خلاف رواں ماہ گرینڈ آپریشن کے دوران ایک کلاشنکوف،55 رائفلز،38 بندوقیں،607 پسٹلز اور ریوالور جبکہ 4 ہزار سے زائد گولیاں برآمد کرکے 677ملزمان گرفتار کرکے متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کر لیے ہیں۔ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش کے ذریعے شہریوں کو ہراساں کرنے والے 51 ملزمان بھی گرفتار کئے گئے۔
منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں مجموعی طورپر 940 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 490 کلوگرام چرس،7 کلو780 گرام ہیروئن،4 کلو 250 گرام سے زائد آئس اور 10 ہزار 853 لٹر شراب برآمد کی گئی۔ قمار بازوں کے خلاف کارروائی کے دوران 562 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن کے خلاف 112 مقدمات درج کر کے ملزمان کے قبضہ سے قمار بازی پر لگائی گئی 16لاکھ 74 ہزار روپے سے زائد رقم برآمدکی گئی۔ سنگین جرائم میں ملوث کیٹیگری اے کے 361 مجرموں سمیت 4604 اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا۔پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی میں ملوث 944ملزمان گرفتار کرکے 937 مقدمات درج کئے گئے۔ملزمان کے قبضے سے 7851سے زائد پتنگیں،1087 سے ڈور چرخیاں اور بڑی تعداد میں پتنگ سازی کا سامان بھی برآمد کیا گیا۔نیشنل ایکشن پلان کے تحت 2743 قانون شکن عناصر کو گرفتار کرکے متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کیے گئے۔
کارکردگی میں بہتری کیلئے مربوط سٹریٹیجک ‘آپریشنل اقدامات کر رہے ہیں : سی سی پی او
Mar 01, 2023