اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نیٹ نیوز) دفتر خارجہ نے اٹلی کشتی حادثہ میں 4 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی اور کہا ہے کہ میتیں پاکستان لانے کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ لیبیا کے ساحل کے قریب شہر بن غازی میں بھی 26 فروری کو کشتی کا حادثہ پیش آیا ہے۔ پاکستانی سفارت خانہ میتوں کو پاکستان پہنچانے کے عمل میں سہولت فراہم کر رہا ہے۔ اٹلی میں تارکین وطن کی کشتی کو پیش آنے والے حادثے میں پاکستان کی ویمن ہاکی اور فٹبال پلیئر شاہدہ رضا بھی جاں بحق ہوئیں۔ کوچ غلام عباس نے بتایا شاہدہ رضا پہلے ہاکی کھیلتی تھیں، پھر پاکستان فٹبال ٹیم کا حصہ رہیں۔ کوچ غلام عباس کے مطابق فیملی نے تصدیق کی ہے کہ شاہدہ رضا کا انتقال ہوگیا ہے، شاہدہ رضا کا تعلق بلوچستان سے تھا، وہ روزگار کیلئے بیرون ملک جانا چاہتی تھیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر، سیکرٹری جنرل حیدر حسین، چیئرپرسن ویمنز ہاکی ونگ سیدہ شہلاء رضا اور جی ایم ویمنز ونگ تنزیلہ عامر چیمہ نے سابق انٹرنیشنل ویمنز ہاکی پلیئر شاہدہ رضا کے حادثے کے نتیجے میں انتقال پر ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مغفرت کی دعا کی ہے۔ ادھر اٹلی کے ساحل پر تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کے واقعے کے بعد لیبیا میں بھی ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا ہے جس میں متعدد پاکستانی شہریوں کی ہلاکت کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کے مطابق اٹلی کے بعد لیبیا کے شہر بن غازی کے قریب کشتی کو حادثہ پیش آیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق لیبیا کشتی حادثے میں 3 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔ طرابلس میں پاکستانی سفارتخانہ نعشیں پاکستان منتقل کرنے میں مدد کر رہا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ اٹلی اور لیبیا میں کشتیاں ڈوبنے کے علیحدہ علیحدہ حادثات ہوئے ہیں۔ سفارتی ذرائع کے مطابق دونوں بدقسمت کشتیوں میں سوار پاکستانی غیر قانونی طور پر لیبیا سے اٹلی جا رہے تھے۔
لیبیا کشتی
لیبیا میں بھی تارکین کی کشتی ڈوب گئی 3پاکستانی جاں بحق
Mar 01, 2023