لاہور (نیوز رپورٹر) نگران صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر کی زیر صدارت اجلاس میں 14 مارچ کو ’پنجاب کلچر ڈے‘ کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے۔ صوبائی وزیر نے پنجاب کلچر ڈے کے "لوگو" کو تبدیل کرنے اور اس میں مرد کے ساتھ خاتون کا سکیچ بھی شامل کرنے کی ہدایت کی۔ عامر میر نے کہا کہ پنجاب کلچر ڈے کے "لوگو" کو ثقافت سے ہم آہنگ ہونا چاہئے۔ تقریبات میں نوجوانوں کی نمائندگی کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔ عامر میر نے کہا کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں سرکاری سطح پر کلچر ڈے کی تقریبات کا انعقاد ہو گا۔ پنجاب کے صحرائی، میدانی اور پہاڑی علاقوں کی ثقافت کو اجاگر کیا جائے گا۔ تقریبات میں پنجاب کی زبان و ثقافت کے تمام رنگ نمایاں ہونگے اور سکولوں، کالجوں کی سطح پر ثقافتی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ پنجاب کے کلچر پر بنائی گئی ویڈیو ڈاکومنٹریز کے مقابلے پروگرام کا حصہ ہونگے۔ الحمراء میں ثقافتی ویلیج، کلچرل شو، ثقافتی سٹالز، لڈی، بھنگڑا اور دیگر تقریبات ہونگی۔ صوبائی وزیر نے پی ایس ایل میچز کے دوران پنجاب کی ثقافت کو اجاگر کرنے کی تجویز کا خیر مقدم کیا۔ صوبائی وزیر کی زیر صدارت اجلاس دربار ہال سول سیکرٹریٹ میں ہوا۔
کلچر
پنجاب کے صحرائی، میدانی، پہاڑی علاقوں کی ثقافت اجاگر کریں گے: صوبائی وزیر اطلاعات
Mar 01, 2023