نیشنل سکلز یونیورسٹی کو مزید ہنرمند افراد پیدا کرنے کی ضرورت ، عارف علویq

Mar 01, 2023


اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے صنعت اور معیشت کے دیگر شعبوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ملک میں مہارت پر مبنی اور تکنیکی تعلیم کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں تقریباً 2 کروڑ سے زائد بچے سکولوں سے باہر ہیں، ایسے بچوں کو ملک کا کارآمد شہری بنانے کے لیے ان کی فکری و جسمانی نشوونما کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار منگل کو ایوان صدر اسلام آباد میں نیشنل سکلز یونیورسٹی  کی سینیٹ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے زور دیا کہ نیشنل سکلز یونیورسٹی کو مارکیٹ کی طلب کو پورا کرنے کے لیے مزید ہنرمند افراد پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔  انہوں نے یونیورسٹیوں کی طرف سے طلبائ￿  کے لیے کیرئیر کونسلنگ کی ضرورت پر روشنی ڈالی تاکہ انہیں مناسب پیشوں کے انتخاب میں مدد مل سکے۔  انہوں نے نیشنل سکلز یونیورسٹی انتظامیہ سے کہا کہ گریجویٹس کے معیار اور مہارت کو بہتر بنانے کے لیے قومی اور بین الاقوامی تکنیکی تعلیمی اداروں کے ساتھ روابط قائم کئے جائیں۔ نیشنل سکلز یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد مختار نے اجلاس کو ملک میں ہنر پر مبنی تعلیم کے فروغ میں یونیورسٹی کے کردار کے بارے میں بتایا۔ نیشنل سکلز یونیورسٹی کی سینیٹ نے سینیٹ کی جانب سے وائس چانسلر کے فیصلوں کی توثیق کرنے کے علاوہ سینیٹ کے چوتھے اجلاس کے منٹس کی بھی توثیق کی۔  اجلاس میں مریدکے شیخوپورہ میں نیشنل سکلز یونیورسٹی کے سب کیمپس کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔
عارف علوی

مزیدخبریں