لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے دو ماہ کے اندر گورننگ بورڈ مکمل کرنے کا عندیہ دے دیا۔ انہوںنے کہا کہ 19 مارچ کو منعقد ہونے والے آئی سی سی اجلاس اور ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں شرکت کرنے سے قبل حکومت پاکستان اور سکیورٹی اداروں سے مشاورت کر کے جاو¿ں گا۔ وہ پی سی بی گورننگ بورڈ کی تکمیل بارے کام کر رہے ہیں اور توقع ہے کہ آئندہ ڈیڑھ ماہ میں انتخابی عمل مکمل کر کے نہ صرف ریجنل ادارے بحال ہو جائیں گے بلکہ گورننگ بورڈ بھی مکمل کر لیا جائےگا۔ آئی سی سی کے اجلاس میں جاوں گا جہاں چیمپئنز ٹرافی اور ایشیا کپ کا فیصلہ ہو گا اوروہاں وہ اپنا اصولی مو¿قف اپنائیں گے تاہم اس سے قبل حکومتی اداروں سے بھی مشاور کریں گے۔آئندہ ڈومیسٹک سیزن میں ڈیپارٹمنٹس بھی ایکشن میں ہوں گے۔ لاہوریوں نے بڑی تعداد میں سٹیڈیم آکرپی ایس ایل کے میچز میں رنگ بھر دئیے ہیں۔ کھلاڑی پرفارم کر رہے ہیں۔ وہ سٹیڈیم کی کپیسیٹی بھی بڑھانا چاہتے ہیں جبکہ شہریوں کی سہولت کی غرض سے سٹیڈیم کے قریب ہی ہوٹل بنائیں گے۔ کراچی میں ہمارے پاس جگہ ہے جبکہ لاہور میں کمشنر سے اجلاس ہوا ہے انہیں ہوٹل کےلئے جگہ لیز پر دینے کی بات کی ہے تاکہ وہاں ہوٹل بن جائیں اور مسائل میں کمی آ سکے۔ سجال کے صدر کی سفارش پر نجم سیٹھی نے اعلان کیا کہ وہ سینئر سپورٹس صحافیوں کی امداد کےلئے انڈومنٹ فنڈ قائم کریں گے تاکہ ان کی مالی امداد اور علاج معالجہ کرایا جا سکے۔