تحصیل آفس مسائلستان میں تبدیل،ڈینگی لاروا کی افزائش کا خدشہ بڑھ گیا

Mar 01, 2023


راولپنڈی(جنرل رپورٹر)نائب قاصدوں کی کمی ،ٹائوٹ مافیا کی کارروائیاں عروج پراور صفائی نہ ہونے سے جگہ جگہ پانی کھڑا ہوگیا،ڈینگی لاروا کی افزائش کا خدشہ بڑھ گیا، برآمدوں میں کھڑے موٹر سائیکل اور پینے کا صاف میسر نہ ہونے سے تحصیل آفس راولپنڈی میں آنے والے شہری مشکلات کا شکار ہو گئے اور تحصیل آفس مسائلستان میں تبدیل ہو گیا، رپورٹ کے مطابق تحصیل آفس راجہ بازارراولپنڈی میں صفائی کا ایسا نظام ہے کہ ایسے نظر آتا ہے کہ یہاں پر کبھی کسی نے صفائی نہ کی ہو ہر طرف گند پڑا رہتا ہے، جب بھی بارش ہو جائے تو یہاں پر پانی کھڑا ہو جا تا ہے جس سے ڈینگی مچھر کے لاروا کی افزائش کا خدشہ بڑھ چکا ہے، تحصیل آفس میں نائب قاصدوں کی بھی کمی ہے جس کی وجہ سے دفتری امور میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، نائب قاصدوں کی کمی کے متعلق متعلقہ حکام کو تحصیلدار نے چٹھی بھی لکھی لیکن اس پر کوئی عمل نہ ہوا،یہاں پر ٹائوٹ بھی اپنا کام دکھا رہے ہیں جو ہر کام کرا کر دیتے ہیں لیکن ان کے خلاف بھی کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاتی، تحصیل آفس میں آنے والے شہریوں اور سائلین کیلئے پینے کے صاف پانی کی قلت ہے ، شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، کمشنر راولپنڈی ڈویژن ، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی سے اپیل کی ہے وہ اس طرف بھی توجہ دیں ۔

مزیدخبریں