لاہور(سپورٹس ڈیسک)ویلنگٹن میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں میزبان نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو ایک رن سے شکست دے دی،میزبان نیوزی لینڈ نے فالو آن ہونے کے بعد ٹیسٹ میچ ایک رن سے جیتا، جس کے نتیجے میں دو ٹیسٹ میچز کی سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی،مہمان انگلش ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 435رنز 8وکٹوں کے نقصان پر اننگز ڈکلیئر کردی تھی،جواب میں کیوی ٹیم 209رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی، جس پر انگلینڈ نے میزبان ٹیم کو فالو آن کرانیکا فیصلہ کیا،نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز 226رنز کے خسارے کے ساتھ شروع کی اور 483رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی،انگلش ٹیم کو جیت کیلئے258رنز کا ہدف ملا تھا تاہم ٹیسٹ میچ کے آخری روز کیوی بائولرزکی شاندار بائولنگ کے سامنے انگلش بیٹر نہ ٹھہر سکے اور پوری ٹیم 256رنز پر آئوٹ ہوگئی اور یوں نیوزی لینڈ ویلنگٹن ٹیسٹ صرف ایک رن سے جیت گیا۔ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں یہ دوسرا واقعہ ہے جب کسی ٹیم نے ایک رن سے فتح حاصل کی ہو ۔ اس سے قبل جنوری 1993ء میں ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کو ایک رن سے شکست دی تھی۔