کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکین صوبائی اسمبلی نے کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔اراکین صوبائی اسمبلی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ شہر کراچی کے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائمز کی بڑھتی ہوئی وارداتوں بینک ڈکیتی، گاڑیوں کا چھیننا، مزاحمت کرنے پر گولیاں مارنے اور چوری ہونا روز کا معمول بنتا جارہا ہے اس کے علاوہ کراچی کے شہری موبائل فون نقدی اور دیگر قیمتی اشیا سے محروم کئے جارہے ہیں لیکن سندھ حکومت کوئی خاطر خواہ اقدام اٹھانے میں مسلسل ناکام نظر آتی ہے جبکہ آئین پاکستان کی روح سے شہریوں کی جان و مال عزت و آبرو کی حفاظت حکومت کی بنیادی ذمہ داریوں میں شامل ہے لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت سندھ کی رٹ ختم ہوچکی ہے اور وہ عوام کو تحفظ دینے میں بری طرح ناکامی کے ساتھ ساتھ مجرمانہ غفلت کی بھی مرتکب ہو رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت جرائم کی بیخ کنی کیلئے اپنی آئینی ذمہ داری کو پورا کرے اور ضروری اقدامات کرتے ہوئے عوام کو تحفظ فراہم کرے۔اراکین صوبائی اسمبلی نے وزیر اعلی سندھ اور آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ امن و امان کی بحالی اور جرائم کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔