کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں ڈکیتی اور راہزنی کی نت نئی وارداتیں سامنے آرہی ہیں،
سیکیورٹی کے حوالے سے محفوظ سمجھے جانے والے غیر ملکی ریسٹورنٹس بھی ڈاکوئوں سے محفوظ نہیں رہے۔گزشتہ روز شارع فیصل پر کے ایف سی ریسٹورنٹ کو پانچ مسلح ملزمان نے لوٹ لیا۔ شارع فیصل پر نرسری کے قریب واقع فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ میں گزشتہ روز شام 4 بجے 5 مسلح ملزمان گھس گئے جنہوں نے اسلحہ کے زور پر ریسٹورنٹ میں موجود اسٹاف اور دیگر افراد کو یرغمال بنا لیا اور لوٹ مار کے بعد فرار ہوگئے۔ واردات کی ایف آئی آر نمبر 53/2023 زیر دفعہ 395 پی پی سی ریسٹورنٹ کے ملازم سید حیدر علی نے درج کروائی۔ مدعی کے مطابق مسلح ملزمان کانٹر سے ایک لاکھ روپے نقد و موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ کر لے گئے۔