اسلام آباد(نا مہ نگار)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پارلیمانوں اور عوامی سطح پر رابطوں کے فروغ کے لیے پارلیمانی سفارتکاری کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے دونوں ملکوں کے ارکان پارلیمنٹ کو ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ہنگری کے مابین خوشگوار تعلقات موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سطح پر رابطوں کو بڑھا کر موجود تعلقات کو مزید مضبوط کیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں پاک ہنگری فرینڈ شپ گروپ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں پاکستان میں ہنگری کے سفیر بیلا فازیکاس بھی ملاقات میں موجود تھے۔سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان ہنگری کے ساتھ دوطرفہ اور یورپی یونین میں اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کثیر الجہت فورمز پر ہنگری کی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملک کی پارلیمنٹس کے درمیان پارلیمانی دوستی گروپ کا قیام ایک اہم پیشرفت ہے۔ انہوں نے ہنگری کی حکومت کے پاکستانی نوجوانوں کو اعلی تعلیم کے حصول میں بڑی تعداد میں سکالرز شپ فراہم کرنے کے اقدام کو سراہا۔انہوں نے بتایا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری پچھلے چالیس سالوں کے دوران ہنگری کا دورہ کرنے والے پہلے پاکستانی وزیر خارجہ ہیں۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ ہنگری پاکستانی نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم کی فراہمی کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ ہنگری اسلامی ثقافت اور یادگاروں سے بھی مالا مال ملک ہے۔
پرویز اشرف
پاکستان کثیر الجہت فورمز پر ہنگری کی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے:پرویز اشرف
Mar 01, 2023