حیدرآباد(بیورو رپورٹ )سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے زیراہتمام آل پاکستان انٹریونیورسٹیز گرلز جوڈو چیمپئن شپ اختتام پذیر، پنجاب یونیورسٹی 2023 کی فاتح بن گئی، دوسری و تیسری پوزیشن بھی لاہور کی دو جامعات حاصل کرنے میں کامیاب، وائس چانسلر نے کامیاب ٹیموں میں ٹرافی و نقد انعامات تقسیم کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ زرعی یونیورسٹی کی زیرمیزبانی وہائیر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے پہلی آل پاکستان انٹر یونیورسٹیز گرلز جوڈو چیمپئن شپ اختتام پذیر ہوگئی ہے، سخت مقابلوں کے بعد پنجاب یونیورسٹی لاہور 3 گولڈ میڈل، 3 سلور 2کانسی کے تمغے حاصل کرنے کے بعد پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے چیمپئن شپ2023کی فاتح بن گئی ہے، لاہور گریژن یونیورسٹی 4 گولڈ میڈل،2سلور میڈل حاصل کرنے کے بعد دوسری و لاہور کالج فار وومین یونیورسٹی نے ایک گولڈ2سلور اور تین کانسی کے میڈل حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی، اس موقع پر وائیس چانسلر ڈاکٹر فتح مری نے تینوں جامعات کے کیپٹنز میں ٹرافی و میڈل تقسیم کئے، میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈائریکٹر اسپورٹس انوار حسین خانزادہ نے بتایا کے پنجاب یونیورسٹی کی مشال وائین نے 40 کلوگرام کیٹیگری، سحر نے 52 کلوگرام و انعم نے70کلوگرام میں گولڈ میڈل حاصل کئے، لاہور گریژن یونیورسٹی کی کائنات نے44 کلوگرام کیٹیگری میں، مھر گل نے 48 ، شائستہ نے 63 کلوگرام جبکہ مونیشا علی نے اوپن کیٹیگری میں گولڈ میڈل حاصل کئے، اسی طرح لہور کالج فار وومین یونیورسٹی کی سنبل فاطمہ نے57کلوگرام کیٹیگری میں گولڈ میڈل حاصل کیا، اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری نے کہا اس چئمپین شپ نے ملک کی مختلف جامعات کی طالبات میں روابط و مقابلے کیلئے مواقع کا ماحول فراہم کیا جبکہ پاکستان کے مختلف حصوں سے آنے والی طالبات کو سندھ کے تعلیمی اداروں و ثقافت دیکھنے، سمجھنے کا موقع بھی میسر آیا، سندھ زرعی یونیورسٹی مستقبل میں لڑکیوں کیلئے کھیلوں کے مزید مقابلے شروع کرے گی، جبکہ سندھ زرعی یونیورسٹی کی قیادت میں سندھ کی مختلف جامعات کی طالبات دوسرے صوبوں میں جاسکیں گی،ایچ ای سی اس ضمن میں بہترین معاونت کر رہی ہے، دوسری جانب مختلف جامعات سے آنے والی طالبات و منتظمین نے سندھ زرعی یونیورسٹی کی جانب سے انتظامات وخدمات کو سراہا، اس چئمپین شپ میں ملک کی 16 جامعات کی 120 کے قریب طالبات نے مختلف کیٹگریز کے مقابلوں میں حصہ لیا، تقریب میں ڈائریکٹر یونیورسٹی ایڈوانسمینٹ اینڈ فنانشل اسسٹنس ڈاکٹر محمد اسماعیل کمبھر، شوکت حسین سانگی، محمد عمر دستی سمیت مختلف شعبہ جات کے سربراہان، پاکستان کی مختلف یونیورسٹیوں کے اسپورٹس افسران، اساتذہ و طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے تحت گرلز جوڈو چیمپئن کا اختتام
Mar 01, 2023