سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان عوام کا مقدمہ لڑتے رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی کی زمان پارک میں ملاقات ہوئی .جس میں چوہدری پرویز الٰہی نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمران خان کو مبارک باد دی اور پارٹی کے آئندہ لائحہ عمل پر مشاورت بھی کی جبکہ فوری طور پر پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں انتخابی سرگرمیاں تیز کرنے پر اتفاق بھی کیا۔ملاقات میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند اور آئین کی بالادستی کا عکاس ہے. سپریم کورٹ نے 90 روز میں انتخابات کا حکم دے کر آئین کو سپرمیسی کو برقرار رکھا۔انہوں نے کہا کہ قوم نے آئین کی بالادستی کے لئے جو جدوجہد کی وہ رنگ لائی ہے اور تحریک انصاف انتخابی مہم میں بھی اب تیزی لائے گی۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے رہنما اور کارکن بھرپور انداز سے انتخابی مہم شروع کریں۔ملاقات میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اب بلا تاخیر متعلقہ ادارے عملدرآمد کے لئے اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ ملک کو نوازشریف، شہباز شریف یا مریم کی خواہشات پر نہیں بلکہ آئین کے مطابق ہی چلنا ہے اور آئین ہی سپریم ہے یہ بات پی ڈی ایم کو بھی جان لینی چاہیئے۔ان کا کہنا تھا کہ اب معززعدلیہ مریم نواز کے عدلیہ پر حملوں کا بھی نوٹس لے، شہبازشریف، نوازشریف اور مریم نواز کا اداروں پر حملے کرنا پرانا وطرہ ہے اور سابق اٹارنی جنرل انور منصور خان کے چیف جسٹس کے نام خط پر کارروائی بھی عمل میں لائی جائے۔چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ شہبازشریف، مریم نواز اینڈ کمپنی نے الیکشن سے بھاگنے کی بھی بہت کوشش کی. لیکن عدلیہ نے اپنے فیصلے میں واضح بتا دیا کہ 90 روز میں الیکشن آئین کی منشا ہے۔انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ الیکشن کمیشن صدرمملکت اور گورنر کے پی کے ساتھ مشاورت کے بعد بلا تاخیر الیکشن کی تاریخ اور شیڈول جاری کرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے انتخابات کے حصول کے لئے ہر فورم پر جدوجہد کی.عوامی سطح پر بھی آواز بلند کی اور عدلیہ کے پلیٹ فارم پر بھی کیس لڑا .لیکن اب انشاء اللہ عمران خان پنجاب اورخیبر پختونخواہ میں پہلے سے بھی زیادہ اکثریت سے حکومتیں بنائے گا. عمران خان کی سیاسی مقبولیت کا مقابلہ کرنے کی پی ڈی ایم میں ہمت نہیں ہے۔چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات بھی عمران خاں کا راستہ نہیں روک سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ہوں یا مرکزی قیادت یا کارکن سب اس حکومت کی فسطائیت کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہیں۔سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ عمران خان عوام کا مقدمہ لڑتے رہیں گے اور حکومت میں بیٹھے مافیا سے نجات حاصل کرکے رہیں گے۔