لاہور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ آئین سے انحراف کی کسی کوشش کو پہلے قبول کیا نہ آئندہ کریں گے، کارکنان اور ذمہ داران بھرپور انتخابی مہم کی تیاری کریں، خود قیادت کروں گا۔انہوں نے یہ بات اپنی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں پی ٹی آئی کے مرکزی قائدین اور پارٹی ترجمان نے شرکت کی۔سابق وزیراعظم کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں سیاسی صورتحال، سیاسی حکمتِ عملی اور حکومتی رہنماؤں کے بیانات و تقاریر پر تبادلہ خیال کیا گیا. سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ کے فیصلے کا خیر مقدم ہوا جب کہ وزیرقانون اور اٹارنی جنرل کی جانب سے عدالتی حکمنامے کی تشریحات پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔اجلاس میں 90 روز میں انتخابات کروانے کیلئے فوری شیڈول کے اعلان کا مطالبہ کیا گیا، پنجاب اورخیبر پختونخوا میں فوری طور پر امیدواروں کے تعین کا عمل مکمل کرنے کا فیصلہ ہوا. سیاسی کمیٹی کو پنجاب اورخیبر پختونخوا کیلئے بھرپور انتخابی مہم کی تیاری اور اعلان کی ہدایات دی گئیں۔عمران خان کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ملک گیر جیل بھرو تحریک کی معطلی کے فیصلے کی توثیق ہوئی، موڈیز کی جانب سے ملکی معیشت کی کیفیت میں مزید تنزلی پر تشویش کا اظہار کیا گیا. ملک میں بدترین مہنگائی اور عوام پر اس کے ناقابل بیان اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت اور آئین سے انحراف کی راہ پر گامزن گروہ عدلیہ پر حملہ آور ہے. معزز ججز کے خلاف مہم کے ذریعے عدالت کو دباؤ میں لانے کی قابلِ مذمت کوشش کی گئی، اس گروہ کا اعمال نامہ ججوں کی خریداری اور عدالتوں پر یلغار کی سیاہ تاریخ رکھتا ہے. دباؤ اور سازشوں کا جرات سے مقابلہ کرنے اورآئین کو برقرار رکھنے پرمعززججزخراج تحسین کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ فیصلے کے بعد قانون کی حکمرانی پر چھائے لاقانونیت کے سیاہ بادل چھٹنے کے امکانات پیدا ہوئے ہیں. جیل بھرو تحریک ملکی سیاسی تاریخ میں جدوجہد کا سنہرا باب ہے. میرے استقبال کیلئے نکلنے والے کارکنان پر دہشت گردی کے مقدمات قائم کرنا شرمناک ہے. ان حربوں سے قوم پہلے خوفزدہ ہوئی نہ ہی آئندہ مرعوب ہوگی۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ نااہل، نالائق اور کرپٹ گروہ نہایت بے رحمی سے عوام کو بد ترین مہنگائی تلے کچل رہا ہے. دیہی علاقوں میں اشیائے خورد ونوش کی مہنگائی 47 فیصد کی بلند ترین سطح کو چھو رہی ہے جب کہ شہری علاقوں میں اشیائے خورد ونوش 42 فیصد مہنگی ہو چکی ہیں۔عمران خان نے منعقدہ اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی سطح پر صاف شفاف انتخابات کا بلا تاخیر انعقاد بحرانوں سے نکالنے کی واحد تدبیر ہے. انتخاب کو التوا میں ڈالنے کا کوئی حربہ کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
آئین سے انحراف پہلے قبول کیا نہ آئندہ کرینگے، انتخابات کی تیاری کریں قیادت کرونگا:عمران خان
Mar 01, 2023 | 20:01