روسی سڑکوں پر جوہری ہتھیاروں کی نمائش، نیٹو نے یوکرائن فوج بھیجی تو ایٹمی جنگ ہو گی: پیوٹن

ماسکو( نوائے وقت رپورٹ) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ روس یورپ پر حملہ نہیں کرنے جا رہا۔ صدر پیوٹن نے اس کو ایک  بیکار خیال قرار دیا  ہے۔ ان کا کہنا  تھا کہ وہ (یورپ) جھوٹ بول رہے ہیں۔ دوسری طرف روس نے اپنے جوہری ہتھیاروں کی نقل و حرکت شروع کر دی ہے۔ سڑکوں پر ایٹمی ہتھیاروں کے ٹرک نظر آرہے ہیں۔ ان حرکات کا مقصد امریکہ، نیٹو اور یورپی یونین کو پیغام بھیجنا ہے کہ روس کسی صورت جنگ ہارنا نہیں چاہتا۔ صدر پیوٹن نے مغربی ممالک کو خبردار کیا ہے کہ اگر نیٹو فوجوں نے یوکرائن جنگ میں شامل ہوئیں تو جوہری جنگ چھڑ سکتی ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی صدر نے پارلیمنٹ سے اپنے سالانہ خطاب میں کہا کہ روس کسی کو بھی اپنے اندرونی معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں دے گا۔ صدر پیوٹن نے مزید کہا کہ روسیوں کی اکثریت یوکرائن میں خصوصی فوجی کارروائیوں کی حمایت کرتی ہے۔ ہماری مسلح افواج کی جنگی صلاحیتوں میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ روسی فوجیں اعتماد کے ساتھ پیش قدمی کر رہی ہیں اور نئے علاقوں کو آزاد کروا رہی ہیں۔ روسی صدر نے فرانسیسی ہم منصب کی جانب سے نیٹو فوج کی یوکرائن میں تعیناتی کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر نیٹو ممالک یوکرائن میں فوج بھیجتے ہیں تو اس سے خطے میں جوہری جنگ چھڑ سکتی ہے۔

ای پیپر دی نیشن