ملک میں جمہوریت کا تسلسل آج برقرار، پرامن انتقال اقتدار ہو رہا ہے: مرتضیٰ سولنگی 

Mar 01, 2024

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ آج ملک میں جمہوریت کا تسلسل برقرار ہے۔ منتخب وزیراعظم 4 مارچ کو حلف اٹھائیں گے۔ آج (جمعہ کو) قومی اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب ہو گا۔ پرامن طریقے سے انتقال اقتدار ہو رہا ہے، ہم نے وعدہ کیا تھا کہ یہ ملک جس حالت میں ملا ہے اس سے بہتر حالت میں منتخب حکومت کو دے کر جائیں گے۔ نگران حکومت نے اپنا کام پورا کیا ہے۔ الیکشن کمشن کی مالی اور انتظامی ضروریات کو پورا کیا، ہماری ترجیح معاشی استحکام رہی۔  جمعرات کو پی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمارے آئین کے دیباچے میں لکھا ہے کہ یہ ملک اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے۔ آج یہ وعدہ تکمیل کو پہنچا ہے۔ تمام منتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا ہے۔ کل سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب ہوگا جبکہ 4  مارچ کو نئے وزیراعظم حلف اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 4  مارچ کو جب وزیراعظم حلف اٹھائیں گے، اس وقت  نگران حکومت کے 200  دن مکمل ہو جائیں گے۔ دریں اثناء  پی ٹی وی ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں انتخابات کی مسلسل کوریج سے منسلک ملازمین میں تعریفی اسناد کی تقسیم کی تقریب منعقد کی گئی جس میں وزیر اطلاعات و نشریات  مرتضیٰ سولنگی نے  بطور مہمان خصوصی  مختلف پروفیشنلز کو تعریفی اسناد سے نوازا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ الیکشن 2024ء کی کوریج کے موقع پر پی ٹی وی نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ یہ دوسرے چینلز کے لیے رول ماڈل ہے۔ عام انتخابات کی دن رات مسلسل نشریات   پاکستان ٹیلی وژن کے تمام محکموں کی انتھک محنت  سے ممکن ہوئی جو لائق تحسین ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان ٹیلی وژن کے پروفیشنلز نے غیر جانبداری کو ملحوظ خاطر رکھا جو شاندار کوریج کے پیشہ ورانہ معیار اور توقعات پر پورا اتر تی ہے۔  سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد نے کہا کہ اتنے بڑے پیمانے پرغیر معمولی کوریج کو بہتر انداز میں  پیش کرنے میںایم ڈی پی ٹی وی سمیت تمام ملازمین اور شعبوں کا کردار داد کا مستحق ہے۔ پی ٹی وی کے مینیجنگ ڈائریکٹر سید مبشر توقیر شاہ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان ٹیلی وژن کے ملازمین نے عام انتخابات کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پرائیویٹ میڈیا میں بھی اس حوالے سے پی ٹی وی کی کارکردگی کو سراہا گیا اور اس تقریب کا مقصد بھی ملازمین کی حوصلہ افزائی ہے۔ تقریب کے آخر میں پاکستان ٹیلی وژن انتظامیہ کی جانب سے وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی، سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد اور ایم ڈی پی ٹی وی مبشر توقیر شاہ کو شیلڈز پیش کی گئیں۔

مزیدخبریں