لاہور+راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ+اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیر اعلی مریم نواز شریف نے دسمبر تک راولپنڈی رنگ روڈ ورک مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔ مریم نواز شریف نے تراھیا کے مقام پر راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ رنگ روڈ پراجیکٹ راولپنڈی کے عوام کی آمدورفت میں آسانی کے لیے ناگزیر ہے۔ انڈسٹریل زونز راولپنڈی کے لئے گیم چینجر ثابت ہوں گے۔ انڈسٹریل زونز بننے سے مقامی لوگوں کو روزگار ملے گا۔ راولپنڈی رنگ روڈ کی تکمیل کے لئے دو سال کا وقت مقرر ہے، ڈیڈلائن سے قبل مکمل کرنے کے لئے ہر ممکن کو شش کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ عوامی فلاح کے اہم ترین منصوبے کی تکمیل میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے۔ تعمیراتی معیار ہر صورت یقینی بنا یا جائے گا، کوالٹی پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ رنگ روڈ انٹر چینج کے نام متعلقہ گاؤں سے منسوب کئے جائیں۔ مریم نواز شریف پہلے دورہ راولپنڈی کے دوران دودوچھہ ڈیم سائٹ پہنچ گئیں اور ڈیم سائٹ کی تعمیراتی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ایف ڈبلیو او حکام نے وزیراعلی مریم نواز کو دودوچھہ ڈیم پر بریفنگ دی۔ مریم نواز نے دودوچھہ ڈیم کی تکمیل کے لئے نومبر 2025 کی ڈیڈ لائن مقرر کردی۔ انہوں نے کہا پاکستان آنے والے دنوں میں پانی کی شدید قلت کا شکار ہونے والے ملکوں میں سرفہرست ہے۔ زیادہ سے زیادہ ڈیمز بنا کر بارشی پانی کو ضائع ہونے سے بچایا جائے۔ راولپنڈی اور دیگر علاقوں کو پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے، دودوچھہ ڈیم سے آبی ضرورت پوری کی جاسکے گی۔ علاوہ ازیں مریم نواز شریف کی ہدایت پر میو ہسپتال ایمرجنسی میں نئے سٹریچر اور بیڈز آگئے۔ مریم نواز شریف نے بہاولنگر میں خاتون کے ساتھ پولیس اہلکار کی مبینہ زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے آر پی او بہاولپور سے رپورٹ طلب کرلی۔ دوسری طرف مریم نواز شریف نے لاہور پیس پلازہ میں آتشزدگی کے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔ مریم نواز شریف نے گرین پاکستان انیشیٹیو کے مرکزی دفترکا دورہ کیا۔ مریم نواز نے لِمز کی کاوشوں کو سراہا اور اس انتھک محنت پر اطمینان کا اظہارکیا۔ وزیر اعلی کے دورے کے دوران اہم فیصلے کئے گئے۔ زراعت کے شعبے کو موثر بنانے کیلئے چولستان کے علاقے کیلئے ایک منفرد منصوبے کی منظوری دی گئی جس کے تحت چولستان کو سر سبز و شاداب بنانے کے لئے پانی کی پائپ لائن بچھائی جائے گی۔ پنجاب میں زراعت کی بہتری کیلئے کسانوں کو جدید زرعی آلات فراہم کئے جائیں گے۔ پنجاب میں جانوروں کی افزائش کر کے اعلیٰ نسل کی لائیو سٹاک متعارف کرانے کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا۔ ملکہ کوہسار کی قدرتی خوبصورتی اور حسن بحال کرنے کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔ راولپنڈی شہر کی صفائی ستھرائی کے لئے نالہ لئی پر سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ بنایا جائے گا۔ راولپنڈی کے شہریوں کی سہولت کیلئے اڈیالہ روڈ کو دو رویہ کیا جائے گا۔ معیاری میگا ٹرانسپورٹ منصوبے کا آغاز کیا جائے گا۔ مال روڈ راولپنڈی کو سگنل فری بنایا جائے گا۔
راولپنڈی رنگ روڈ دسمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت، انڈسٹریل زونز سے روزگار ملے گا: مریم نواز
Mar 01, 2024