اینٹی کرپشن کیس: پی ٹی آئی صدر گجرات سلیم سرور جوڑا کی عبوری ضمانت منظور 

گجرات (نامہ نگار) تحریک انصاف ضلع گجرات کے صدر و سابق ایم پی اے چوہدری سلیم سرور جوڑا کی عبوری ضمانت منظور ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق سرور گولڈ پلازہ گجرات ناجائز قبضہ و غیر قانونی نقشہ کیس میں عبوری ضمانت کیلئے سپشل جج اینٹی کرپشن گوجرانوالہ ڈویژن رانا محمد سلیم کی عدالت میں درخواست دائر کر دی۔ عدالت نے 50 ہزار روپے کے مچلکہ/ضمانت نامہ کے عوض عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 11 مارچ تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے آئندہ پیشی پر مدعی مقدمہ سرکل افسر تھانہ اینٹی کرپشن گجرات ملک محمد اصغر اعوان اور تفتیشی افسر کو ریکارڈ سمیت طلب کر لیا، اس کیس میں سابقہ ڈارفٹسمین بلدیہ گجرات مرزا فیاض بیگ گرفتار ہوکر جیل جا چکا ہے۔ چوہدری سلیم سرور جوڑا پر ایف آئی آر کے مطابق الزام ہے کہ انکا ملکیت سرور گولڈ پلازہ چوک پاکستان گجرات 28 مرلہ سرکاری اراضی پر ناجائز قابض ہیں جن میں 2 مرلہ صوبائی گورنمنٹ،19 مرلہ آبادی دیہہ اور 7 مرلہ محمکہ اوقاف کی اراضی شامل ہے جبکہ پلازہ کا غیر قانونی نقشہ 2 حصوں میں پاس کروا کر سرکاری خزانہ کو 16 کروڑ 10 لاکھ کا نقصان پہنچایا ہے۔

ای پیپر دی نیشن