لاہور( این این آئی)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے ،گزشتہ24گھنٹوں میں 406ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ترجمان لیسکو کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 160 بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ،پکڑے جانے والے کنکشنز میں 14 کمرشل،1انڈسٹریل اور391 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو2 لاکھ62 ہزار4سو90 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 86لاکھ45 ہزار664روپے ہے۔بجلی چوروں کے خلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اوران کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔اکبری منڈی کے علاقے میں کنکشن کو2 لاکھ روپے،ٹائون شپ کے علاقے میں کنکشن کو2لاکھ روپے،داتا دربار کے علاقے میں ایک ملزم کو1لاکھ50ہزار اور شفیق آباد میں ایک ملزم کو1 لاکھ50ہزار روپے کی رقم چارج کی گئی ۔مہم کے دوران مجموعی طو رپر 58 ہزار610ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 54 ہزار22 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کروا ئے گئے جبکہ 17 ہزار712ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔بجلی چوروں کو اب تک 7 کروڑ 72 لاکھ 43 ہزار631یونٹس چارج کئے گئے جن کی مالیت 2 ارب 95 کروڑ65 لاکھ 49 ہزار292روپے بنتی ہے ۔
17 ہزار712بجلی چور گرفتار ،7 کروڑ 72 لاکھ 43 ہزار631یونٹس چارج
Mar 01, 2024