نواز شریف، محسن پاکستان، شہباز شریف بحرانوں سے نجات دلائیں گے: عارف سندھیلہ 

شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف محسن پاکستان ہیں جن کے ملکی تعمیر و ترقی اورعوامی خوشحالی کے ویژن کی تکمیل یقینی بنانے کا وقت آگیا ہے۔ میاں شہباز شریف جلد وزارت عظمیٰ کا قلمدان سنبھال کر پاکستان کو معاشی مسائل اور بحرانوں سے نجات دلائیں گئے۔ پارٹی قیادت نے عوامی ریلیف کی خاطر مربوط لائحہ عمل مرتب کیا ہے جس کی انجام دہی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کا وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہونا صوبہ کے عوام کیلئے بہت بڑی خوشخبری ہے۔ مریم نواز پنجاب کو مثالی صوبہ بنائیں گی اور گڈ گورننس یقینی بنانے سمیت عوامی محرومیوں کا اذالہ کرکے دم لیں گی، وزارت اعلیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد مریم نواز نے جس بھرپور انداز میں صوبائی امور کو سنبھالا ہے وہ یقینا حوصلہ افزاء اور نہایت خوش آئند ہے، جس سے عوام میں پائی جانے والی مایوسی اور تشویش کا خاتمہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات 2013ء جیسے ہیں اس وقت ملک میں 18سے 20گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ ہو رہی تھی، لاقانونیت عروج پر تھی، ملک مختلف بحرانوں اور عوام طرح طرح کے مسائل کا شکار تھی، ترقی کا کوئی نام ونشان تک نہ تھا مگر نواز لیگ نے حکومت تشکیل دیتے ہی ملکی مسائل کے حل کی راہ ہموار کی اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کی نئی مثال رقم کی۔

ای پیپر دی نیشن