اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الٰہی نے اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا ہے کہ پہلی بار دیکھ رہا ہوں کہ ہارے ہوئے لوگ اسمبلیوں میں حلف لے رہے ہیں جس سے پوری دنیا میں ہماری جگ ہنسائی ہو رہی ہے۔ مانگے تانگے کی حکومت عرصہ چلنے والی نہیں پی ڈی ایم ٹو جلد اپنے انجام کو پہنچے گی۔ تحریک انصاف کے مینڈیٹ کو تبدیل کر کے ہارے ہوئے لوگ کس منہ سے حلف اٹھا رہے ہیں۔ چھوٹے لاڈلے نے پہلے بڑے لاڈلے کو فیل کیا، اب اپنی طرف سے نہا دھو کے پھر آ گئے ہیں، یہ خود اور ان کا پھیلایا ہوا گند اکٹھا ہی صاف ہو گا۔ انشاء اللہ عہدوں کی بندر بانٹ عوام کو قبول نہیں، پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کا اعلان ہو بہو میرے دور کے منصوبوں کی نقل ہے۔ مریم نواز پہلے اپنے چچا سے پوچھیں کہ میرے منصوبوں کو نہ روکا ہوتا تو آج ان سے عوام مستفید ہو رہے ہوتے۔ پیسے ان کے پاس ہیں نہیں ایئر ایمبولینس کہاں سے چلائیں گے۔ عوام نے واضح طور پر الیکشن میں پی ٹی آئی کے نمائندوں کا انتخاب کیا ہے۔ مستحکم ریاست اور معیشت کیلئے پی ٹی آئی کے مینڈیٹ کو تسلیم کیا جائے وگرنہ حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔