اسلام آباد (خبر نگار) مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطاء اللہ تارڑ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی طارق شاہ کے ہمراہ پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی اجلاس میں نو منتخب ارکان کا حلف ہوا۔ تمام اتحادی جماعتوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ نامزد صدر آصف علی زرداری کے نام کی بھی رات کے اجلاس میں تائید کی گئی۔ اتحادیوں کے ساتھ مل کر ایک اچھی اور مربوط حکمت عملی بنائیں گے۔ بانی تحریک انصاف کی جانب سے آئی ایم ایف کو خط لکھا گیا۔ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے آئی ایم ایف کو خط لکھنا پاکستان کی معیشت کے خلاف ہے۔ جس آئی ایم ایف کے پاس جانے سے پہلے آپ خودکشی کی بات کرتے تھے اور اب خط لکھ دیا۔ خیبرپی کے میں آپ جیتے ہیں تو وہاں دھاندلی نہیں ہوئی، جہاں آپ ہارے ہیں وہاں کہتے ہیں دھاندلی ہوگئی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی طارق شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن ہوگئے اب پاکستان کی معیشت بحال ہوگی۔ بانی پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف کو خط لکھنا پاکستان کے خلاف ہے۔ بانی پی ٹی آئی کیسے آئی ایم ایف کو خط لکھ سکتے ہیں۔ لگتا ہے بانی پی ٹی آئی پاکستان کو پیچھے دھکیل رہے ہیں۔ ہم مل کر ایک سیٹ اپ بنا رہے ہیں تاکہ پاکستان آگے بڑھے۔ مل جل کر ساتھ بیٹھ کر ملک کو بحرانوں سے نکالنا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا ساتھ مل کر تمام مسائل کا حل کرنا ہے۔