کوئٹہ+ کراچی (نوائے وقت رپورٹ) گوادر اور گردونواح میں بارش اور ژالہ باری ہوئی ہے۔ نگور میں بارشوں سے کھیتوں کے حفاظتی بند ٹوٹ گئے۔ بند ٹوٹنے سے پانی گوادر شہر کی طرف بڑھنے کا خدشہ ہے۔ دریں اثناء نگران وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے کہ گوادر کو آفت زدہ قرار دیدیا گیا۔ گوادر کو حالیہ طوفانی بارشوں کے بعد تشویشناک صورتحال کے باعث آفت زدہ قرار دیا گیا۔ گوادر کو آفت زدہ قرار دینے کے حوالے سے نگران وزیراعلیٰ نے سمری پر دستخط کر دیئے۔ دریں اثناء کراچی میں محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں آج جمعہ کی صبح سے ہفتے کی درمیانی شب تک بارش کا امکان ہے۔ شہر میں جمعہ کی صبح سے وقفے وقفے سے کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش متوقع ہے۔ ملیر، ائر پورٹ، گلشن حدید، سٹیل ٹاؤن اور گڈاب میں ژالہ باری کا امکان ہے۔ شہر کے مضافات میں درجہ حرارت 9 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ کراچی میں ژالہ باری کا امکان 20 سے 30 فیصد ہے۔ بارش کے پیش نظر شہر میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی جس پر کراچی کے سکولوں میں آج شام کی شفٹ کیلئے چھٹی کا اعلان کر دیا گیا۔ دریں اثناء جامعہ کراچی میں بی ڈی ایس تھرڈ اور ایم بی بی ایس تھرڈ پروفیشنل کے یکم مارچ کو ہونے والے امتحانات بھی بارش کی پیشگوئی کے پیش نظر ملتوی کر دیئے گئے۔ اب 7 مارچ چوبیس کو ہوں گے۔ جبکہ امتحانی مرکز اور وقت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کراچی میں دوپہر دو بجے کے بعد 3 تا 4 بار کے سپیل ہونے کا امکان ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ غیر ضروری گھروں سے نہ نکلیں، اسی باعث وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں رین ایمرجنسی سیل بھی قائم کر دیا۔ شکایت سیل 29 فروری تا 3 مارچ تک 24 گھنٹے کام کرے گا۔ ڈائریکٹر جنرل سندھ ایمرجنسی ریسکیو سروس نے ریسکیو عملے کی چھٹیاں منسوخ کرنے اور مکمل حاضری یقینی بنانے کی سخت ہدایات جاری کیں۔ محکمہ تعلیم بلوچستان نے صوبے میں مزید بارشوں اور برفباری کی پیش گوئی پر سات مارچ تک چھٹیوں کا اعلان کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر کے تمام سرکاری و نجی سکولز سات مارچ تک بند رہیں گے۔ دریں اثنا چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے ممکنہ بارشوں کے پیش نظر صوبائی حکومت کو موثر کردار ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پی پی کے تمام ارکان سندھ اسمبلی، بلدیاتی نمائندے رین ایمرجنسی میں فعال کردار ادا کریں اور بلدیاتنی اداروں کے ساتھ مل کر بارشوں کے بعد کی صورتحال میں اپنا کردار ادا کریں۔ شہری ممکنہ بارشوں کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ بلاول بھٹو نے کہاکہ لعل شہباز کے عرس کی تقریبات میں آئے زائرین کا خصوصی خیال رکھا جائے۔