غزہ میں اب تک 25 ہزار سے زائد خواتین اور بچے مارے جاچکے: امریکی وزیر دفاع

Mar 01, 2024 | 16:17

امریکی وزیر دفاع کا کہنا ہےکہ غزہ میں اب تک 25 ہزار سے زائد خواتین اور بچے مارے جاچکے ہیں۔امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کانگریس اجلاس میں شریک تھے جس میں رکن کانگریس رو کھنا نے ان سے غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں مارے جانے والے فلسطینیوں کے بارے میں پوچھا۔امریکی وزیر دفاع نے تصدیق کی کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں اب تک 25 ہزار سے زائد خواتین اور بچے مارے جاچکے ہیں۔بعد ازاں رکن کانگریس رو کھنا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو کسی بھی قسم کے ہتھیار اور گولہ بارود کی منتقلی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔رکن کانگریس نے کہا کہ وزیر دفاع لائیڈ آسٹن اس حوالے سے اعدادو شمار نہیں دے سکے ہیں کہ امریکا نے اب تک کتنا جنگی سازو سامان اسرائیل کو منتقل کیا ہے۔رکن کانگریس کا کہنا تھا کہ میرے نزدیک 21 ہزار سے زائد جنگی سازو سامان اسرائیل کو دیا جاچکا ہے۔اس حوالے سے امریکی وزیر دفاع نے بتایا کہ میں توقع کرتا ہوں کہ جب ہم جنگی سازو سامان اپنے اتحادیوں کو فراہم کرتے ہیں تو وہ اسے جوابی ردعمل میں استعمال کریں گے۔

مزیدخبریں