یہ دھماکہ سوات کے مرکزی شہر مینگورہ میں سہراب چوک کے قریب ایک مارکیٹ میں اس وقت کیا گیا جب وہاں بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے ۔ دھماکے سے دوافراد جاں بحق جبکہ دس زخمی ہوئے جن میں سے تین کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ زخمیوں کو فوری طورپر سیدو شریف ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ دھماکے کے فوری بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جبکہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور مینگورہ شہر بھر کی تمام مارکیٹیں بند کرا دی گئیں ۔ دھماکے سے مارکیٹ میں آگ لگ گئی جبکہ کئی دکانیں بھی تباہ ہوئی ہیں ۔ دھماکے سے مینگورہ شہر بھر میں افراتفری پھیل گئی ۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق آج سوات میں بارود سے بھری دو گاڑیوں کے داخلے کی اطلاع ملنے پر فورسز نے شہرمیں سکیورٹی سخت کرتے ہوئے کئی علاقوں کا محاصرہ کرلیا ۔ گرین چوک میں نامعلوم سمت سے فورسز پر فائرنگ بھی کی گئی جس پرفورسز نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے ایک خودکش حملہ کو زخمی حالت میں گرفتارکرلیا ۔ حملہ آورجس کی عمر سولہ سے اٹھارہ سال بتائی جاتی ہے ۔ اس کی گرفتاری کے کچھ ہی دیر بعد سہراب خان چوک میں یہ دھماکہ ہوگیا ۔ ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے دونوں پولیس اہلکار تھے جبکہ زخمیوں میں بھی زیادہ تعداد اہلکاروں کی ہے کیونکہ وہ دھماکے کے وقت سادہ کپڑوں میں مارکیٹ میں موجود تھے ۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق دھماکہ خودکش تھا۔ دھماکے کے بعد سوات بھر کی سکیورٹی سخت کردی گئی جبکہ لوگوں میں خوف وہراس پایا جارہا ہے ۔