خیبرپختونخواہ کےوزیراطلاعات میاں افتخار حسین نےکہا ہے کہ اس خطے میں تیسری عالمی جنگ لڑی جارہی ہے،عالمی طاقتوں کےمفادات اس علاقے سے وابستہ ہیں۔

پشاورمیں صوفی شاعررحمان بابا کے مزارکی تعمیرنوکا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں افتخارکا کہنا تھا کہ عالمی طاقتوں کو چاہیئے کہ پاکستان کے ساتھ مل کرخطے سے انتہا پسندی کا خاتمہ کریں، دہشتگردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کے بغیراس کا خاتمہ ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملاکنڈ میں امن قائم ہوچکا ہے ، اِکاّ دُکاّ واقعات سے یہ نہیں کہا جاسکتا کہ وہاں ابھی تک بدامنی برقرار ہے۔ اس سے قبل میاں افتخار اورسینئر وزیربشیر احمد بلور نے رحمان بابا کے مزارکی تعمیر نو کا افتتاح کیا ۔ مزار کی تعمیر پر ساڑھے تین کروڑ روپے لاگت آئے گی ۔گذشتہ سال طالبان نے رحمان بابا کے مزار کو بم حملے میں تباہ کردیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن