یوم شہداء کےحوالےسے جی ایچ کیو میں پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پرآرمی چیف نے شہداء کی یادگاروں پر پھول بھی چڑھائے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل اشفاق پرویز کیانی کا کہنا تھا کہ سانحہ سیاچن پر پوری قوم افسردہ ہے۔ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم نے جس طرح پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا وہ قابل فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم سیاچن میں برف تلے دبے فوجیوں کے لئے دعا گو اور ان کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ جمہوری استحکام سے معاشرے میں توازن پیدا ہوگا لہذا اس نظام کو مضبوط ہونا چاہیے کیونکہ یہی وہ راستہ ہے جس سے ملکی سلامتی مضبوط ہوگی. جنرل اشفاق پرویز نے کہا کہ پاکستان حالت جنگ میں ہے تاہم قوم کی دعاؤں سے کامیاب ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ نظریہ پاکستان پر یقین ہوگا تو ہی ملک سرخرو ہوگا۔ تقریب کے اختتام پر انہوں نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہادت ایک بڑا رتبہ ہے اورجو خوش نصیبوں کو ہی حاصل ہوتا ہے۔