ڈاکٹروں نے سربجیت کو طبی طور پر مردہ قرار دے دیا، برطانوی میڈیا: بھارتی ہائی کمشنر کو ملاقات کی اجازت

لاہور (نیوز رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) کوٹ لکھپت جیل میں ساتھی قیدیوں کے تشدد سے شدید زخمی ہونے والے بھارتی جاسوس سربجیت سنگھ کو جسے جناح ہسپتال میں 5 روز سے وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے کو ڈاکٹروں نے طبی اعتبار سے مردہ قرار دے دیا۔ برطانوی نیوز ویب سائٹ کے مطابق ڈاکٹروں نے بتایا کہ سربجیت کے دماغ نے کام کرنا چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے سربجیت کی فیملی سے کہا کہ وہ وینٹی لیٹر ہٹانا چاہتے ہیں تاہم سربجیت سنگھ کے اہلخانہ نے سربجیت کو وینٹی لیٹر سے ہٹانے سے انکار کر دیا تاہم بعض اطلاعات یہ ہیں کہ سربجیت سنگھ کے حوالے سے تازہ ترین صوتحال کے پیش نظر اس کی بہن دلبیر کور نے آج بھارت واپسی م¶خر کر دی اور وہ پاکستانی ڈاکٹروں کی رپورٹ لے کر وطن جائے گی۔ سربجیت سنگھ کے اہلخانہ نے آج بھارت روانہ ہونا ہے۔ ادھر جناح ہسپتال اور سربجیت سنگھ کے وارڈ کے گرد سکیورٹی میں غیر معمولی اضافہ کر دیا گیا۔ سربجیت کے وکیل اویس شیخ نے بتایا کہ بھارتی ڈاکٹروں نے سربجیت کا علاج کرنے والے پاکستانی ڈاکٹروں سے رابطہ کیا ہے اور انہیں بتا دیا گیا ہے کہ سربجیت کی حالت مزید بگڑ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ پاکستان بھارت کے تعلقات خراب کرنے کی سازش تھی جو کامیاب رہی۔ ادھر محکمہ داخلہ پنجاب کی طرف سے سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل محسن رفیق، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ اشتیاق گل، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ سرور سمرا اور دیگر چار ملازمین کو جاری کئے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی قیدی سربجیت سنگھ پر تشدد کے و اقعہ میں غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا گیا، تمام افسر اور ملازمین ایک ہفتے کے اندر جواب دیں بصورت دیگر ان کو ملازمت سے برخاست کر دیا جائے گا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذوالفقار حمید نے کیس کی تفتیش کے حوالے سے بتایا کہ پولیس ابھی تک جیل کے دو اہلکاروں سے ہی تفتیش کر سکی ہے، جیل حکام کے بیانات ریکارڈ کر لئے گئے ہیں، مزید تفتیش جیل میں ہی ہو گی۔ دریں اثناءپاکستان نے بھارتی ہائی کمشنر کو سربجیت سنگھ سے ملاقات کی اجازت دے دی۔ بھارتی حکام نے سربجیت سنگھ سے ملاقات کے لئے وفاقی حکومت کو خط لکھا تھا۔ وفاقی حکومت نے جوابی مراسلہ میں کہا کہ بھارتی ہائی کمشنر شرت سبھروال 2 مئی کو سربجیت سنگھ کو مل سکتے ہیں۔ بھارتی سفارت کاروں کی روزانہ ایک بار سربجیت سنگھ سے ملنے کی درخواست بھی منظور کر لی گئی۔

ای پیپر دی نیشن