نئی دہلی (ثناءنیوز) بھارت نے کہا ہے کہ وہ پاکستان پر ایٹمی حملے میں پہلے نہیں کرے گا تاہم اگر پاکستان نے غلطی کی تو بڑے پیمانے پر سخت جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ بات بھارت کے قومی سکیورٹی ایڈوائزری بورڈ کے کنوینئر تسیائم ساران نے نئی دہلی میں جوہری پالیسی سازوں کے اعلی سطحی اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے ملک کی جوہری پالیسی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان پر ایٹمی حملے میں پہل نہ کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے تاہم اگر پاکستان کی جانب سے ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال میں پہل کی گئی تو یہ بھارت کیلئے سخت جوابی حملہ کرنے کی دعوت ہوگی اور بھارت جواباً بڑے پیمانے پر پاکستان کو جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے اور پاکستان کو اس کیلئے تیار رہنا ہوگا۔ انہوں نے دلیل پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ اپنے ٹیکنیکل ہتھیاروں کے باعث اس نے بھارت کو جوہری ہتھیاروں کے استعمال سے روک رکھا ہے۔