اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو نے عام انتخابات کے انعقاد کے متعلق چہ مگوئیوں کو رد کرتے ہوئے کہا ہے انتخابات وقت پر ہوں گے اور وزیراطلاعات کو ہدایت کی ہے کہ وہ میڈیا کے ساتھ رابطے بڑھائیں اور انتخابات کے متعلق شکوک و شبہات کو دور کریں۔ وزیراعظم ہاﺅس میں نگران وزیر اطلاعات عارف نظامی سے بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے وزیراعظم کو سندھ اور بلوچستان کے اپنے دوروں سے متعلق آگاہ کیا۔ وزیر اطلاعات نے بلوچستان میں میڈیا کا دائرہ بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا اور وزیراعظم کو بتایا کہ وزارت اطلاعات بلوچستان کے لوگوں کو تفریح فراہم کرنے اور اطلاعات کو موثر طور پر پھیلانے کیلئے ایک بوسٹر نصب کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ وزیراعظم نے اس تجویز کی اصولی منظوری دے دی۔ ثناءنیوز کے مطابق وفاقی وزیر صنعت و پیداوار شہزادہ احسن اشرف شیخ نے وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو سے ملاقات کی۔ اور پاکستان سٹیل ملز کو مشکلات سے نکالنے، ملز کی پیداواری استعداد بحال کرنے اوراسے ایک منافع بخش ادارہ بنانے کیلئے ایک جامع منصوبہ پیش کیا۔ وفاقی وزیر کی سفارش پرحکومت سٹیل ملز کو 11 ارب روپے فراہم کرے گی جو کہ سٹیل ملز کے دیرینہ مسائل حل کرنے پر صرف کئے جائیں گے۔