لاہور(نیوز رپورٹر) نگران وزیر اعظم کے اعلان کے بعد وزارت خزانہ نے بجلی کے بحران کو کم کرنے کے لئے اعلان کردہ 45 ارب روپے کی بجائے 6 روز بعد صرف 10 ارب روپے گزشتہ روز جاری کر دیئے ہیں۔ دوسری جانب نیشنل پاور کنٹرول سسٹم نے بھی لیسکو کو بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہونے تک کوٹہ کے مطابق بجلی کی فراہمی سے انکار کر دیا ہے۔ ملک میں گزشتہ روز بجلی کی پیداوار میں کمی اور ڈیمانڈ میں اضافہ کے باعث شارٹ فال 6 ہزار6سو میگا واٹ سے بھی بڑھ گیا۔ خسارے میں اضافہ کے باعث لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ کر دیا گیا۔ شہروں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھا کر سولہ گھنٹے اور دیہی علاقوں میں بیس سے بائیس گھنٹے تک کر دیا گیا۔ وزارت پانی وبجلی کا کہنا ہے کہ 15 روز کے اندر 2700 میگاواٹ نیشنل گرڈ میں شامل کیا جائے گا جس کے تحت 1200 میگاواٹ آج سے سسٹم میں شامل ہو رہا ہے مزید1500 میگاواٹ 15 مئی تک نیشنل گرڈ میں شامل ہوگا جس کے بعد بجلی کی بندش کے دورانیے میں4 گھنٹے تک کمی واقع ہو گی۔