لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ نے قرار دیا ہے کہ عدالت چاہتی ہے کہ حج سستا ہو اور عام آدمی کی پہنچ میں ہو یہ مفاد عامہ کا کیس ہے اور جو اچھا کام کریگا اُسے حق ملنا چاہئے۔ فاضل عدالت نے یہ ریمارکس حج کوٹہ کیس کی سماعت کے دوران دیئے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس عمر عطا بندیال نے 729 پرائیویٹ ٹوور آپریٹرز کے 5 فیصد کوٹہ پر حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے پرانے ٹوور آپریٹرز کی ٹیکس اور قرضہ نادہندگی سے کلئیرنس کی رپورٹ 14 مئی تک طلب کر لی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل عبدالحئی گیلانی نے ملک محمد سعید ڈائریکٹر حج کی طرف سے عدالت کو بتایاکہ 498 پرانے ٹوور آپریٹرز کے نام ویب سائٹ پر دے دیئے گئے ہیں جبکہ جن کمپنیوں کیخلاف پاکستان میں شکایات ہیں ان کے معاملات کو کمپلینٹ ڈسپوزیبل کمیٹی دیکھ رہی ہے اُن کے کیسز روک لیے گئے ہیں۔ 70 پرانے ٹوور آپریٹرزکے بارے میں سنگین شکایات ہیں۔ سعودی وزارتِ مذہبی امور نے انہیں بلیک لسٹ کر دیا ہے۔ اُن کو بھی کوٹہ نہیں دیا جا رہا جبکہ کوٹہ بیچنے کے بارے میںجو شکایات ملی تھیں اُن کے کیسز دیکھے گئے ہیں اُن میں کوئی ایسی چیز نہیں ملی۔ پرانے ٹوور آپریٹرز کی ٹیکس نادہندگی کے بارے میں سٹیٹ بنک اور سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمشن سے جو تفصیلات آرہی ہیں وہ مکمل کر لی جائیں گی۔ درخواست گذارنے عدالت کو بتایا کہ وزارتِ مذہبی امور حجاج ویلفیئر فنڈ کے نام پر عوام کو لوٹ رہی ہے اور ہر حاجی کی جیب سے 5 ہزار روپیہ جاتا ہے جو حجاج کے فنڈ میں جمع ہوتا ہے اور اِس وقت 20 کروڑ روپیہ عوام کا پیسہ اُنکے پاس پڑا ہے اگر 5000 روپیہ جمع کرانے کی شرط ختم کر دی جائے تو حج مزید سستا ہو جائیگا۔ چیف جسٹس نے وزارتِ مذہبی امور کے ڈائریکٹر سے استسفار کیا کہ کیا ایسا ہو رہا ہے؟ اس ِ پر انہوں نے بتایا کہ حجاج فنڈ ٹوور آپریٹر ز سے وصول کیا جا رہا ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ یہ رقم اکٹھی نہیں کر سکتے عدالت اِس کا نوٹس لے گی اور آپ سے وضاحت طلب کریگی جن 70 ٹوور آپریٹرز کو وزارتِ مذہبی امور نے بلیک لسٹ کیا ہے ان سے کوٹہ لیکر نیلام کیا جائے جو حج سستا کروائے اُس کو کوٹہ دیا جائے۔ اِس پر عدالت میں موجود نئے ٹوور آپریٹرز نے بتایا کہ سرکاری حج سے 10 ہزار روپیہ سستا حج کروایا جائےگا اور کھانا بھی مفت دیا جائیگا۔ حج آرگنائزیشن ایسوسی ایشن کے حاجی مقبول نے عدالت کوبتایا کہ وہ بھی سرکاری پیکیج سے پچاس ہزار روپیہ سستا حج کروا رہے ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ یہ اچھی بات ہے امید ہے آپ اِس پر کاربند رہیں گے۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ نئے ٹوور آپریٹرز کو میرٹ پر کوٹہ دینے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ ٹریول شاپ پرائیویٹ لمیٹڈ کی طرف سے دائر متفرق درخواست پر عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے اِن دستاویزات پر اعتراضات مانگ لئے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 14 مئی تک ملتوی کردی۔