زندگی میں صرف کرکٹ ہی نہیں کھیلی، ایٹم بم بھی بنایا۔ اقتدار میں آکر ملک کو بحرانوں کی دلدل سے نکالیں گے۔ نوازشریف

اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں اسلام آباد اور راولپنڈی کی تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا کہ جب پاکستان میں انکی حکومت تھی تو ملک ترقی کررہا تھا، لیکن ہماری حکومت کےبعد پرویز مشرف نے پیپلزپارٹی کو لوڈشیڈنگ اور بحرانوں کا جو تحفہ دیا، اس میں پی پی حکومت نے مزید اضافہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے پیپلزپارٹی کو بہت سمجھایا کہ وہ ملک کو آگے کی طرف لیکر چلیں، لیکن وہ یہ بات سمجھنا ہی نہیں چاہتے تھے۔ جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ ملک تباہی کے دہانے پرپہنچ گیا۔ مسلم لیگ ن عوام کی طاقت سےاقتدارمیں آکر ملک کو ان بحرانوں سے نکالے گی۔
انھوں نے کہا کہ میں نے زندگی میں صرف کرکٹ ہی نہیں کھیلی بلکہ ملک کو ایٹمی قوت بھی بنایا۔ مسلم لیگ ن کےقائد نوازشریف نے کہا کہ تاجرملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اقتدار میں آکر تاجر برادری کی مشاورت سے ملکی معشیت کو مضبوط کرنے کے لیے فیصلے کرینگے۔ انھوں نے کہا کہ ان کا ایجنڈا صرف پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور اسکا دنیا میں کھویا ہوا مقام واپس لانا ہے۔  میاں نوازشریف کا کہنا تھا کہ انکی جماعت کھوکھلے نعروں پرنہیں بلکہ عمل پریقین رکھتی ہے۔ اگرموقع ملا تو حقیقی معنوں میں عوام کی تقدیر بدل کر رکھ دینگے۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے پانچ سال تک پنجاب میں حکومت کی، لیکن کرپشن کا ایک الزام بھی ثابت نہیں ہوا۔ میاں نواز شریف نے کہا کہ وہ تاجروں کے مسائل بخوبی سمجھتے ہیں، اقتدار میں آکر ملک میں امن و امان کی بحالی اور عام آدمی کی زندگی میں تبدیلی لانے کے لیے دن رات ایک کردیں گے۔

ای پیپر دی نیشن