نئی دہلی + ممبئی (ایجنسیاں) بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان امن کے فروغ کیلئے غیر متزلزل اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ نئی دہلی میں عالمی تعلقات کی بھارتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا وزیراعظم نواز شریف کی پہلے خطہ کی سوچ بروقت اور مستقبل کیلئے پیش بندی پر مبنی ہے۔انہوں نے کہا بھارت سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں، ممبئی بم دھماکوں کا کیس عدالت میں ہے، الزام ثابت ہونے پر مبینہ مجرموں کو سخت سزا ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی حملہ ہو یا کشمیر ایشو پاکستان اور بھارت اپنے تنازعات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ممبئی حملوں کے مبینہ حملہ آوروں کے متعلق بھارت نے جتنے ثبوت دیئے عدالت کے حوالے کردیئے گئے اب فیصلہ عدالت کو کرنا ہے، پاکستان میں عدالت آزاد ہے اور جو بھی فیصلہ ہوگا درست ہوگا۔