چین : مسلم اکثریتی صوبے سنکیانگ میں ریلوے سٹیشن پر بم دھماکہ‘ تین ہلاک 79 زخمی

May 01, 2014

بیجنگ (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) واحد چینی مسلم اکثریتی صوبے سنکیانگ کے دارالحکومت ارومچی میں ایک ریلوے سٹیشن پر بم دھماکے میں 3 افراد ہلاک اور 79 زخمی ہو گئے۔ اس علاقے میں یغور مسلمانوں کی اکثریت ہے اور یہ دھماکہ ایسے وقت ہوا جب صدر سٹی جن ینگ نے اس علاقے کا دورہ کیا ہے۔زخمیوں کو فوری ہسپتال منتقل کردیاگیا۔پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پرپہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیئے۔دھماکے کے بعد کی صورتحال پر قابوپالیاگیاجبکہ تحقیقات کی جارہی ہیں اورفوری طورپر کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔چینی سرکاری خبررساں ادارے کے مطابق بدھ کو ملک کے مغربی حصے میں ایک ریلوے سٹیشن پر اچانک بم دھماکہ ہوگیا۔حکام نے خدشہ ظاہر کیاکہ دھماکہ خیز مواد ریلوے کی پٹڑی کے ساتھ نصب کیاگیاتھا اوردہشت گردوںکا منصوبہ ٹرین کو اڑانا تھا تاہم عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ خیز مواد ایک مشکوک بیگ میں رکھا گیا اوروہ تلاشی لینے سے پہلے ہی پھٹ گیا۔دھماکے کے بعد بھگدڑ مچ گئی اورلوگ محفوظ پناہ گاہ ڈھونڈنے لگے۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔کچھ دیر کے لئے ٹرینوں کی آمدورفت بھی روک دی گئی تاہم چند گھنٹوں کے بعد اسے بحال کر دیا گیا۔

مزیدخبریں