پرامن اور مستحکم افغانستان خطے کے استحکام کیلئے اہم ہے‘ پاکستان اور ایران میں اتفاق

May 01, 2014

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان اور ایران نے  اس امر پر اتفاق کیا ہے کہ ایک پر امن اور مستحکم افغانستان خطہ کے استحکام کے لئے اہم ہے۔ یہ اتفاق رائے خارجہ سیکرٹری اعزاز احمد چوہدری اور ایران کے نائب وزیر خارجہ ابراہیم رحیم پور کے درمیان سالانہ دوطرفہ سیاسی مشاورت کے دوران پایا گیا۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق گزشتہ روز تہران میں ہونے والے یہ مذاکرات خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئے جس میں سیاسی، سلامتی، اقتصادی اور ثقافتی امور سمیت دوطرفہ تعاون کے تمام شعبوں پر بات چیت ہوئی۔ خارجہ سیکرٹری نے وزیراعظم نواز شریف کے خطہ کے عوام کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی کے لئے پر امن ہمسائیگی کے وژن کو اجاگر کیا۔ اس تناظر میں خارجہ سیکرٹری نے ایران کے ساتھ دوستانہ اور اچھے ہمسایہ تعلقات کو مزید تقویت دینے کی پاکستان کی خواہش پر زور دیا۔ دونوں اطراف نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا َ قبل ازیں خارجہ سیکرٹری نے ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے نائب سربراہ ایراوانی سے ملاقات کی جس میں ایراوانی نے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو سراہا۔ خارجہ سیکرٹری نے خطہ کے استحکام، امن اور ترقی کے لئے پاکستان اور ایران کے مل کر کام جاری رکھنے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ خارجہ سیکرٹری نے ایرانی انسٹی ٹیوٹ آف پولیٹیکل اینڈ انٹرنیشنل سٹڈیز میں محققین اور دانشوروں کے اجتماع سے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے دوطرفہ اور علاقائی امور اور پاکستان اور ایران کے مفادات کے بارے میں بھی باہمی تبادلہ خیال کیا۔ دریں اثناء ایران نے پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا عزم ظاہرکرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام پڑوسیوں خصوصاً اسلامی ممالک کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ کیاجائیگا۔  بدھ کو پاکستانی خارجہ امور کے مشیر سرتاج عزیز اور ایرانی اقتصادی امور کے وزیر علی طیبنائی کے درمیان تہران میں ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور دوطرفہ باہمی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سرتاج عزیز نے امیدظاہر کی کہ وزیراعظم نوازشریف تجارتی تعلقات کوبڑھانے کیلئے مفید ثابت ہوگا۔

مزیدخبریں