کراچی(این این آئی) سندھ حکومت کی جانب سے ایک جانب مالی بحران کا رونا رویا جاتا ہے تو دوسری جانب صوبے کا غیر ترقیاتی بجٹ مختص کی گئی رقم سے 24ارب روپے تجاوز کرگیا ہے۔ڈپٹی سپیکر شہلا رضا کی سربراہی میں سندھ اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں محکمہ خزانہ سندھ کی جانب سے رواں مالی سال کے 9 ماہ کی مالیاتی رپورٹ پیش کی گئی، رپورٹ کے مطابق حکومت سندھ نے غیر ترقیاتی اخراجات کا تخمینہ 3کھرب 55 ارب 57کروڑ لگایا تھا تاہم اس دوران میں صوبائی حکومت نے 3کھرب 79ارب 62کروڑ خرچ کرڈالے۔اس طرح حکومت نے 24 ارب روپے سے زائد رقم غیر ترقیاتی مصارف میں خرچ کرڈالی۔